سری نگر ، 16 جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) آج کشمیر ایئر پورٹ پر اتحاد و بھائی چارے کا بڑا ہی انوکھا منظر دیکھنے کو ملا۔ جب ایئرپورٹ پر حاجیوں کا پہلا قافلہ نکلا توان کا استقبال کرنے کے لیے، ان کی آرتی اتارنے کے لیے بڑی تعداد میں کشمیری پنڈت موجود تھے۔ ملک کے اندر جہاں فرقہ پرست عناصر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہیں کشمیری پنڈتوں نے حاجیوں کا استقبال کرکے ملک کے فرقہ پرست عناصر کو امن و شانتی اور خیر سگالی کا پیغام دے رہے ہیں۔کشمیری پنڈتوں کی ایک بڑی تعداد ہفتہ کو سری نگر کے شیخ العالم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 145 حاجیوں کی پہلی کھیپ کا استقبال کرنے پہنچی جوحج کا فریضہ ادا کرکے سعودی عرب کے شہر مکہ سے واپس آئے تھے۔
ذرائع کے مطابق وادی کشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ایک مثالی مظاہرے میں بڑی تعداد میں کشمیری پنڈتوں نے کشمیری زبان میں نعت پڑھ کر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حاجیوں کا استقبال کیا۔ کشمیری پنڈتوں نے حاجیوں کو مبارکباد دی اور ان سے دعا کی درخواست کی۔اس تقریب کی ویڈیوز متعدد انٹرنیٹ صارفین نے شیئر کیں جن میں کشمیری پنڈت ایکٹیوسٹ موہت بھان بھی شامل ہیں۔ موہت بھان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمارے کشمیری پنڈت آج سری نگر کے ہوائی اڈے پر روایتی انداز میں نعت پڑھ کرحاجیوں کا استقبال کر رہے ہیں۔ یہ ہماری ہم آہنگی کی ثقافت ہے، اسلام کے ماننے والے امرناتھ یاترا کے اہل ہیں اور شیومت کے پیروکار اتحاد کے پیامبر ہیں۔خیال رہے کہ ہفتہ کے روز جموں کشمیر سے 145 سے زائد عازمین کی پہلی کھیپ سعودی عرب میں سالانہ حج کی ادائیگی کے بعد واپس لوٹی ہے۔
ڈویژنل کمشنر کشمیر، پی کے پول، ڈی آئی جی سنٹرل کشمیر رینج سوجیت کمار، ڈپٹی کمشنر بڈگام اور جے کے کے ایگزیکٹو آفیسر حج کمیٹی عبدالسلام میر نے 145 حاجیوں کی پہلی کھیپ کا استقبال کیا، جو صبح 7.50 بجے اترنے والے پہلے بیچ میں پہنچے۔ اس سال جموں کشمیر کے 7000 سمیت ہندوستان کے کم از کم 80,000 عازمین نے حج 2022 کیا۔ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آنے والے حاجیوں کے لیے ایئرپورٹ پر مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ حجاج کو لیکرآنے والی آخری پرواز یکم اگست کو سری نگر کے ہوائی اڈے پر اترے گی۔
हज करके लौटे हाजी लोग श्रीनगर एयरपोर्ट से निकले तो कश्मीरी पंडित भाईयों ने नात पढ़ते हुए आरती उतार कर उनका स्वागत किया और मुबारकबाद दी।
इस मुहब्बत को राजनीति की नज़र ना लगे। pic.twitter.com/Oo338QsrlV— Abbas Bin Mukhtar Ansari (@AbbasAnsari_) July 16, 2022
اگرچہ آج سے حج 2022 کے سفر سے واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے،آج صبح تقریباً 4 بجے پہلا طیارہ حاجیوں کو واپس لے کر دہلی ایئرپورٹ پہنچا، جس میں کل 410 حاجی ہندوستان آئے۔اپنے خاندان کے لوگوں کو حج سے واپس آتا دیکھ کر بہت سے لوگوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ دہلی ایئرپورٹ پر دیر رات سے ہی حاجیوں کے استقبال کے لیے رشتہ داروں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں، ہاتھوں میں پھول لیے لوگ اپنے عزیزوں کا انتظار کرتے ہوئے نظر آئے۔



