دیگر نام: ہندی میں کالی کٹکی katuki، عربی میں خریق ہندی ، بنگلہ میں کٹوروہنی، سنسکرت میں کٹ سرا اور لاطینی میں پکروائز کروا (Picrorrhiza Kurroa)کہتے ہیں ۔
ماہیت: اس کا پودا لگ بھگ ایک سے دو فٹ اونچا ہوتا ہے۔ پتے کنگریدار ڈنڈی کی طرف سے پیلے آگے درمیان میں چوڑے پھر تنگ اور نوک دار چکنے ہوتے ہیں۔ پھول پودے کے درمیان سے نکلا ہوا سخت اور اوپر کی طرف نکلا ہوا۔ آخری سرے پر پھول بالی نما جو ڈیڑھ انچ سے چار انچ لمبی ہوتی ہے۔ جس سے سفید بہت سے چھوٹے بڑے ٹکڑے ملتے ہیں۔ جو سفید بھورے رنگ کے ہوتے ہیں۔ جن کا مزا کڑوا اور چھوٹے چھوٹے ریشے ہوتے ہیں۔
مقام پیدائش :کشمیر سے نیپال، سکم و ہمالیہ کے ساتھ ساتھ کانگڑہ سات ہزار سے چودہ ہزار فٹ تک بلندی میں ہوتا ہے۔ جو عموما ًاپریل ، مئی میں پیدا ہو کر جون ، جولائی میں مکمل پھل پھول جاتی ہے اور برسات کے موسم میں اس کو حاصل کیا جاتا ہے۔
مزاج: گرم خشک درجہ سوم
افعال: مقوی معدہ کاسر ریاح، ملین قاتل کرم شکم ، دافع بخار زیادہ مقدار میں دست آور ہے۔
استعمال: کٹکی کو تقویت معدہ کے لئے بدہضمی اور کاسرریاح میں کھلاتے ہیں اور اس کے ساتھ فلفل سیاہ ملا کر پیٹ درد کو مفید ہے اور بدہضمی و اپھارہ میں زنجبیل اور شہد کے ہمراہ دینے سے فائدہ ہوتا ہے۔ یہی نسخہ ہچکی کو فائدہ کرتا ہے اور مقوی معدہ ہے۔ کٹکی کا سفوف کرم شکم کو مار کر بذریعہ پاخانہ خارج کرتا ہے۔
استسقاء اور پرانے بخاروں میں جب کہ جگر مبتلا مرض ہونے کے باعث ہاتھ پاوں پر ورم آ جاتا ہے تو اس کا سفوف یا جوشاندہ پلانے سے مرض دور ہو جاتا ہے۔ صفراؤی بخاروں میں پوست نیم کے ہمراہ اس کاجوشاندہ بنا کر پلاتے ہیں۔ برص جلد کے سیاہ داغوں اور امراض جلد میں اس کا لیپ لگاتے ہیں۔
نفع خاص: مقوی معدہ۔ مضر قے اور تشنج پیدا کرتی ہے۔ مصلح روغن بادام ومصطگی۔
بدل: کٹکی سیاہ۔
مقدار خوراک: سفوف دو گرام سے پانچ گرام تک۔ بخاروں میں دو سے تین گرام تک۔ استسقاء میں یا دست لانے کے لئے چھ سے سات گرام۔ بعض اطباء اس کو پارچہ بیر کر کے ہموزن قند سفید باریک کر کے بمقدار ڈیڑھ گرام روزانہ بطور حفظ ماتقدم ملیریا کے دنوں میں استعمال کراتے ہیں۔ہماری جدید طرزِ زندگی میں جڑی بوٹیوں کا استعمال ہمیں کئی قسم کے مسائل اور پریشانیوں سے چھٹکارہ دِلا سکتی ہیں خاص طور پر صحت سے جڑے مسائل، کیونکہ جڑی بوٹیاں ہمیں بہت سی خطرناک بیماریوں سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
اسی طرح کٹکی ایک ایسی جڑی بوٹی ہے جو پہاڑی علاقوں میں پائی جاتی ہے یہ ایک نایاب جڑی بوٹی ہے جس کو گھریلو نسخوں میں استعمال کیا جاتا ہے اور ماہرین اس کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔ کٹکی کے صحت پر فوائد درج ذیل ہیں۔
بخار کیلئے
جب بھی ہم بخار میں مبتلا ہوتے ہیں تو سب سے پہلے ہمارا کام یہی ہوتا ہے کہ ہم بخار کو کم کرنے کے لئے دوا لیتے ہیں تاکہ جسم کا درجہ حرارت نارمل ہو جائے، کٹکی بھی اس گولی کی طرح کام کرتے ہوئے بخار کو کم کرنے میں فوری علاج کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہے، اس کے لئے کٹکی کو پانی میں اُبال کر یا پھر پسی ہوئی کٹکی کو نیم گرم پانی میں شامل کر کے استعمال کیا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ آپ اس کے پاؤڈر کو گھی میں ملا کر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
شوگر کیلئے
کٹی شوگر کے مریضوں کے دوران خون کو معتدل رکھتی ہے۔ جسمانی تھکاوٹ اور دیگر عام کمزوری پیدا ہونے نہیں دیتی۔ جسم سے زہریلے مادوں کو خارج کرتی ہے۔ اس طرح ذیابیطس کنٹرول میں رہتی ہے۔
سانس کیلئے
کٹکی میں اینٹی انفلامیٹری خصوصیات موجود ہوتی ہیں اس کے استعمال سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا نہیں ہوتا یہ سانس سے جڑے مسائل کو ختم کر کے سانس لینے کے عمل میں آسانی پیدا کرتی ہے اس کا استعمال دمے کے مریضوں کے لئے بھی بے حد فائدے مند ہے اس کے استعمال سے قوتِ مدافعت میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور یہ ناک کے انفیکشن کو دور کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔
زخم کیلئے
ہلدی کی طرح کٹکی بھی بے شمار اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے یہ جسم پر موجود زخم کو خشک کرنے کیلئے بھی استعمال کی جاتی ہے، اس سے انفیکشن کا خاتمہ ممکن ہے یہ خارش دور کرنے کیلئے بھی مفید ہے اس کے استعمال سے جلد کئی مسائل حل کئے جاتے ہیں۔
جگر کیلئے
کٹکی ایک ایسی جڑی بوٹی ہے جس کے بیشمار فوائد ہیں کٹکی جگر کے لئے بے حد فائدے مند ہے اور جگر سے جڑے مسائل سے نمٹنے کے لئے بیحد مفید ہے یہ پتے کے عدم توازن اور اس کے مسائل کو دور کرتا ہے، کٹکی میں ایک اہم انزائم بھی پایا جاتا ہے جسے کٹکن یا پکرولیو کے نام سے جانا جاتا ہے جو زیادہ مقدار میں جگر کے افعال کو یقینی بناتا ہے، زہریلے مادوں کو صاف کرتا ہے اور خراب جراثیموں کی افزائش کو روکتا ہے جو کہ آپ کی جسمانی کارکردگی کو متاثر کر سکتے ہیں۔
وزن کیلئے
اگر آپ اپنے بڑھتے وزن سے پریشان ہیں اور اس سے نجات چاہتے ہیں تو کٹکی کے استعمال سے بہتر اور کچھ نہیں، کٹکی کا استعمال نظامِ ہاضمہ بہتر کرتا ہے اس میں فائبر کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔
یہ گیس کے مسائل کو دور کر کے میٹابولزم میں اضافہ کرتا ہے اور جسم کی اضافی چربی کو کم کرتا ہے کٹکی کا باقاعدہ استعمال، صحیح خوراک اور ورزش کے ذریعہ وزن کم کیا جا سکتا ہے اس کے پانی میں اُبال کر قہوہ کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔



