تلنگانہ کی خبریں

کے سی آر اقتدار کے صرف 20 ماہ باقی ۔مابقی زندگی جیل میں گذرے گی۔صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی

اندرویلی میں کانگریس کا دلت جلسہ ۔ کثیر عوام کی شرکت

نرمل: ( جلیل ازہر ) سونیا گاندھی نے اپنے سیاسی نقصان کی پرواہ کئے بغیر تلگانہ کے عوام کی دیرینہ خواہش پر علحدہ تلنگاہ کا قیام عمل میں لایا لیکن افسوس کہ ایک ہی خاندان اس ریاست کو کنگال بنا کر بیٹے کو امبانی ، داماد کو ٹاٹا بنانے میں مصروف ہے لیکن اب اس تاریخی مقام سے اعلان کررہا ہوں کہ ان کی بدعنوانیوں کی ایک ڈائری ترتیب دیتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک کانگریس پہنچائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار عادل آباد کے قبائلی مقام اندرویلی میں تاریخ ساز جلسہ سے خطاب میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کیا ۔

حضور آباد انتخاب کی خاطر ہی دلت بندھو اسکیم کی شروعات

آج عالمی یوم دلت کے موقع پر مستقر #اندرویلی منڈل میں صدارت سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ بڑے اجتماع سے #ریونت ریڈی مخاطب تھے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت بالخصوص چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اب راؤ راجیم بہت ہوگیا ۔ پچھڑے طبقات ایس سی ، ایس ٹی ، اقلیت سے کئے گئے کسی وعدہ پر عمل نہیں ہوا ۔ #حضورآباد میں ضمنی انتخاب کو دیکھتے ہوئے دلت بندھو اسکیم شروع کی گئی جو سیاسی حربہ ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اب یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ جہاں بھی ضمنی انتخاب ہونگے ووٹرس پر حکومت مہربان ہوجائے گی ۔
میں تمام ٹی آر ایس اراکین اسمبلی کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اپنے علاقوں میں ترقی و دلتو ں کی بھلائی چاہتے ہیں تو مستعفی ہوجائیں ، کیونکہ چندر شیکھر راؤ کو #بیروزگار نوجوان ، #غریب عوام کی ترقی سے زیادہ عزیز انتخابات ہیں ۔ دلتوں سے ہمدردی جتانے والے کے سی آر یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ کانگریس وہ واحد جماعت ہے جس نے ہندوستان میں سیاسی انصاف کرکے صدر جمہوریہ کی حیثیت سے کے آر نارائنن کو بابو جگجیون رام کی دختر میرا کمار کو اسپیکر بنایا ۔ تحفظات کے میں کانگریس نے اپنے دور میں ہر طبقہ سے انصاف کیا ، آج جس ضلع میں میں خطاب کررہا ہوں یہ #پارلیمانی نشست بھی ایس ٹی طبقہ کیلئے محفوظ قرار دی گئی ۔
#چندر شیکھر راؤ نے چیف منسٹر کا عہدہ دلت طبقہ کو دینے کا انتخابی وعدہ کیا ، دلت تو دلت خواتین سے بھی انصاف نہیں کیا ۔ ریاست کو قرض کے دلدل میں ڈھکیل دیا ، چار لاکھ کروڑ کا قرض عوام پر لاد دیا ۔ اب دلتوں کے ہمدرد بن کر حضورآباد پہونچنے والے چندر شیکھر راؤ کے مقدر میں اقتدار کے صرف بیس ماہ باقی رہ گئے ہیں ، باقی زندگی چرلہ پلی جیل میں گذرے گی کیونکہ قیام تلنگانہ کے بعد ریاست تو ترقی نہیں کرسکی تاہم چندر شیکھر راؤ کے افراد خاندان نے بہت ترقی کرلی ۔
جنگلاتی علاقوں میں زندگی بسر کرنے والوں کی طرز زندگی سے چیف منسٹر واقف نہیں صرف انتخابی حلقوں پر نظر والوں سے آپ امید نہ رکھیں ، میں نلہ ملہ کے جنگل کی زندگی سے واقف ہوں میری پیدائش جنگلاتی علاقہ میں ہوئی ۔ آج یہاں سروں کا سمندر بتا رہا ہے کہ عوام آئندہ دنوں میں کانگریس کو حکومت سونپنے جا رہے ہیں ۔ ریونت ریڈی اعلان کرتا ہے کہ #کانگریس ‘ قائدین کی پارٹی نہیں کارکنوں کی پارٹی ہے ۔ میں ہر قدم آپ کے درمیان رہوں گا ۔
خون کے آخری خطرہ تک پچھڑے طبقات کی ترقی کیلئے خود کو وقف کردوں گا ، بے گھر افراد کو مکانات کی فراہمی ، آج بھی ہر گاؤں میں اندرا اماں کالونی نظر آئے گی ۔ چیف منسٹر کے کھوکھلے وعدوں پر نظر ڈالیئے ، کہاں ہے دلتوں کو تین ایکڑ زمین ، کہاں گئے ڈبل بیڈروم ، کہاں ہے گھر گھر ملازمت کا وعدہ ‘تحفظات کے وعدہ تمام برفدان کی نظر ہے ۔ انہوں نے پولیس حکام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کچھ عہدیدار انصاف کا گلہ گھونٹ کر حکمراں جماعت کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں لیکن انہیں عوام و حکومت کے غضب کا سامنا کرنا ہوگا ۔
جلسہ کو سینئر کانگریس قائدین نے خطاب کیا جن میں محمد علی شبیر ، پریم ساگر راؤ سابق ایم ایل سی ، سیتا اکا رکن اسمبلی ، بھٹی وکرما ، گیتار یڈی ، مہیشور ریڈی ، جیون ریڈی ،پونم پربھاکر ، سریدھر بابو ، کونڈہ سریکھا ، مدھو گوڑ یاشکی ، دامودر راج نرسمہا ، این لکشمن ، ساجد خان ، شراون آل انڈیا کانگریس ترجمان شامل ہیں ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button