چنڈی گڑھ ، 7جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان اور ڈاکٹر گرپریت کور کی شادی ایک سادہ تقریب میں مکمل ہو گئی ہے۔ یہ شادی دوپہر تقریباً 12 بجے انجام پائی اور اس میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے کچھ اہم لیڈران اور دولہا –دلہن کے قریبی رشتہ دار شامل ہوئے۔ اروند کجریوال مع اہل و عیال اس شادی میں شریک ہوئے تھے ، انھوں نے ہی شادی میں بھگونت مان کے والد کی سبھی رسمیں ادا کی۔ شادی کی یہ تقریب وزیر اعلیٰ رہائش میں ہی منعقد ہوئی، لیکن بھگونت مان نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ شادی کی اخراجات خود ہی برداشت کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ 48 سالہ بھگونت مان کی یہ دوسری شادی ہے۔
پہلی شادی تقریباً چھ سال قبل ٹوٹ گئی تھی جس سے بھگونت مان سنگھ کے دو بچے بھی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بھگونت مان کی دوسری شادی 32 سالہ ڈاکٹر گرپریت کور سے بہت پہلے ہی ہو جاتی، لیکن پنجاب کے وزیر اعلیٰ بننے کی وجہ سے اس میں کچھ تاخیر ہو گئی۔ حالانکہ اس شادی کے تعلق سے کسی کو بھنک تک نہیں لگی تھی۔ دو روز پہلے ہی اس سلسلے میں انکشاف ہوا اور اچانک شادی کی تاریخ سامنے آ گئی۔آج جب بھگونت مان اور ڈاکٹر گرپریت کور کے درمیان شادی کی رسمیں اداکی، تو اس سے پہلے بھگونت مان کا راستہ ان کی سالیوں نے روک لیا۔
پھر ربن کٹائی کا نیگ والا پیسہ بھی وصول کیا گیا۔ ان رسموں کے بعد شادی کی اصل رسمیں انجام پائیں جس میں اروند کجریوال پیش پیش نظرآئے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار کسی کی شادی وزیر اعلیٰ عہدہ پر رہتے ہوئے ہوئی ہے۔بہرحال، بھگونت مان اور ڈاکٹر گرپریت کور کی شادی کی تصویریں سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہورہی ہیں ، اور صارفین دلچسپ تبصروں کے ساتھ ’دُعاؤں ‘ سے بھی نواز رہے ہیں ۔



