قومی خبریں

کانگریس،بی جے پی کے درمیان راست مقا بلہ والی ریاستوں پر کجریوال کی نظر

9 ریاستوں میں الیکشن لڑنے کی تیاری،صوبائی انچارج کی فہرست جاری

نئی دہلی 21مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)عام آدمی پارٹی وہیں مضبوطی سے الیکشن لڑرہی ہے جہاں بی جے پی کانگریس میں مقابلہ ہے ۔وہ کانگریس کاووٹ تقسیم کررہی ہے۔گوااوراتراکھنڈمیں بھی یہی ہوا۔عام آدمی پارٹی نے اب تک کانگریس کونقصان پہونچایاہے۔اس نے دونوں جگہ کانگریس کوہی اقتدارسے باہرکیاہے جب کہ اب تک بی جے پی سے وہ کوئی ریاست نہ چھین سکی ہے اورنہ وہاں اثر ڈال سکی ہے۔

گجرات ،راجستھان جیسی ریاستوں میں بی جے پی ،کانگریس میں سیدھا مقابلہ ہے ۔عام آدمی پارٹی کے الیکشن لڑنے سے کانگریس کانقصان یعنی اپوزیشن کمزور ہوگا،اس کے ووٹ بٹیں گے اوراندازہ ہے کہ بی جے پی کافائدہ ہوگا۔ ویسے بھی اناہزارے تحریک کے کجریوال کے زیادہ ترساتھی بی جے پی میں ہیں یا جوسیکولرتھے وہ الگ ہوگئے۔دہلی فسادات اورکورونا میں کجریوال کارول انتہائی مشکوک رہا۔

جہاں عام آدمی پارٹی نے کورونا کے دورمیں مسلمانوں کوجم کربدنام کیا۔اس کے بعددہلی کے مسلمانوں میں جواب تک یک مشت ووٹ دے رہے تھے،عام آدمی پارٹی کے لیے سخت ناراضگی ہے۔پنجاب میں بڑی جیت کے بعد عام آدمی پارٹی نے اب دیگر ریاستوں میں بھی اپنی تنظیم کو مضبوط کرنا شروع کر دیا ہے۔

خاص طور پر پارٹی کی نظریں اب ان ریاستوں پر ہیں جہاں جلد ہی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ان میں گجرات، ہماچل اور راجستھان نمایاں ہیں، جہاں اس سال کے آخر یا اگلے سال ہی انتخابات ہونے ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے ملک کی 9 ریاستوں آسام، چھتیس گڑھ، گجرات، ہریانہ، ہماچل پردیش، کیرالہ، پنجاب، راجستھان اور تلنگانہ کے انچارجوں کی فہرست جاری کی ہے۔

پارٹی نے ان 9 ریاستوں میں پارٹی کی توسیع کے لیے انچارج اور تنظیم کے لوگوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے ڈاکٹر سندیپ پاٹھک کو گجرات کا انچارج بنایا ہے۔ ڈاکٹر سندیپ پاٹھک کو پنجاب اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی جیت کا چانکیہ سمجھا جاتا ہے۔ گجرات اسمبلی انتخابات اس سال کے آخر میں ہونے والے ہیں اور پارٹی نے گجرات الیکشن لڑنے کا بھی اعلان کیاہے۔

ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عام آدمی پارٹی نے گجرات میں بھی پورے زوروشور سے الیکشن لڑنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور پارٹی چاہتی ہے کہ پارٹی پنجاب کی طرز پر نئی حکمت عملی کے ساتھ گجرات میں بھی الیکشن لڑے، اس لیے اس کی ذمہ داری ڈاکٹر صاحب کو سونپی گئی ہے۔

ہماچل پردیش کے لیے دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کو انتخابی انچارج بنایا گیا ہے، جب کہ درگیش پاٹھک کو انچارج بنایا گیا ہے۔ درگیش پاٹھک کو آتشی کے ساتھ پہلے گوا انتخابات کی کمان سونپی گئی تھی، اس بار پارٹی گوا میں 2 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ پنجاب سے ملحقہ ہماچل میں انتخابات کی ذمہ داری درگیش پاٹھک کے کندھوں پر ڈال دی گئی ہے۔جہاں دہلی کے گریٹر کیلاش سے ایم ایل اے سوربھ بھردواج کو ہریانہ کا الیکشن انچارج قرار دیا گیا ہے، وہیں راگھو چڈھا کو پنجاب کے شریک انچارج کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

اب ڈاکٹر سندیپ پاٹھک یہ ذمہ داری نبھائیں گے۔جبکہ دوارکا کے ایم ایل اے ونے مشرا کو راجستھان کا الیکشن انچارج بنایا گیا ہے۔ راجستھان میں عام آدمی پارٹی پوری تنظیم میں تبدیلی کرکے نئے سرے سے شروعات کرنے جارہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

Back to top button