جرائم و حادثات

کھمم:شوہر کے مبینہ تشدد سے تنگ خاتون کی پھانسی

پولیس نے مشتبہ موت اور شادی شدہ خاتون پر ظلم کا مقدمہ درج کرلیا ہے

حیدرآباد 23 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) تلنگانہ کے ضلع کھمم کے تھروملایاپالم منڈل کے گول تانڈہ گاؤں میں ایک شادی شدہ خاتون اپنے گھر میں پھانسی پر لٹکی ہوئی پائی گئی۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی جبکہ خاتون کے اہل خانہ نے شوہر پر مسلسل جھگڑوں اور گھریلو تشدد کے الزامات عائد کیے ہیں۔

متوفیہ کی شناخت میناکشی کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کی شادی تقریباً چودہ برس قبل شیواجی نامی شخص سے ہوئی تھی اور دونوں کے دو بیٹے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شوہر قرض کے بوجھ میں دبا ہوا تھا۔ بعض سوشل میڈیا دعووں میں یہ بھی کہا گیا کہ خاتون کو بیمہ رقم حاصل کرنے کی غرض سے قتل کیا گیا، تاہم پولیس نے ان خبروں کو افواہ قرار دیا ہے۔

تھروملایاپالم پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ شادی شدہ خاتون پر ظلم اور مشتبہ موت کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ عہدیدار کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی مزید حقائق سامنے آسکیں گے۔ واقعہ کے بعد شوہر شیواجی فرار بتایا جارہا ہے اور پولیس اس کی تلاش میں مصروف ہے۔

اسی دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی تیزی سے گردش کررہی ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس میں مذکورہ جوڑا نظر آرہا ہے۔ ویڈیو میں ایک شخص خاتون کے بال کھینچتے ہوئے اور اس پر تشدد کرتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے جبکہ خاتون چیختی اور مزاحمت کرتی سنائی دیتی ہے۔ پولیس اس ویڈیو کی بھی جانچ کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button