سوانح حیات فلمی و اسپوریٹس

بالی ووڈ کا زبردست مشہور منفی اداکار کرن کمار

سلام بن عثمان

کرن کمار کا شمار کچھ ایسے مخصوص اداکاروں میں ہوتا ہے جو بالی ووڈ میں بطور ہیرو شروعات کی مگر انھیں کامیابی نہیں ملی۔ بعد میں منفی اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل ہوئی۔ ویسے تو کرن کمار بالی ووڈ کے مشہور منفی اداکار جیون کے بیٹے ہیں، اس کے باوجود کرن کمار نے خود محنت کی اور کافی جدوجہد کے بعد بالی ووڈ میں بطور ہیرو موقع ملا۔ ان کی پہلی فلم "دو بوند پانی” تھی۔

kiran-kumar-cinestaan

مشہور منفی اداکار جیون کرن کمار کے والد تھے۔ جیون نے کئی مشہور فلموں میں اپنی بہترین اداکاری کے ذریعے شناخت بنائی۔ جیون نے ایک ہی کردار کو 61 فلموں میں ادا کیا جو کہ بالی ووڈ میں ایک ریکارڈ ہے، وہ کردار تھا "ناردمنی” نارائن نارائن۔۔۔

کرن کمار 22 اکتوبر 1953 کو شہر ممبئی میں ایک ہندو پنڈت گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے اپنی تعلیم اندور کے بورڈنگ اسکول سے کی اور آگے کالج کی تعلیم آرڈی نیشنل کالج باندرہ سے مکمل کی۔ کرن کمار کا اصلی نام دیپک دھر ہے، بالی ووڈ میں وہ کرن کمار کے نام سے مشہور ہوئے۔

والد کے فلموں سے منسلک ہونے کی وجہ سے گھر کا ماحول بھی فلمی رہا، جس کی وجہ سے کرن کمار کی بھی دلچسپی فلموں میں تھی۔ وہ اکثر فرصت کے وقت والد کے ساتھ شوٹنگ پر جایا کرتے تھے۔

ایک روز کرن کمار کی ملاقات اس وقت کے مشہور اداکار شتروگن سنہا سے ہوئی۔ جیون نے اپنے بیٹے کا تعارف کرایا۔ موقع کو دیکھتے ہوئے کرن کمار نے شتروگن سنہا کے سامنے اپنی بات رکھی۔ شتروگن سنہا نے مشورہ دیا کہ وہ پونہ کے ایف ٹی آئی آئی میں داخلہ لے لیں اور تربیت کے بعد ایک اچھے ہیرو بن کر بالی ووڈ میں قدم رکھیں۔

کرن کمار نے والد سے بات کی اور پونہ کے ایف ٹی آئی آئی میں داخلہ لے لیا اور پھر ایک کامیاب اداکار بن کر بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ ان کا فلمی سفر 1971 میں فلم "دو بوند پانی” سے شروع ہوا۔ اس کے بعد "جنگل میں منگل” فلم آئی، مگر کچھ خاص کامیابی نہیں ملی، جس کی وجہ سے کرن کمار کو گجراتی فلموں کی طرف رخ کرنا پڑا۔

گجراتی فلموں میں بطور ہیرو بہت مشہور ہوئے اور گجراتی فلموں کے سپر اسٹار کی فہرست میں شامل ہو گئے۔ انھیں "گجراتی فلموں کے امیتابھ بچن” کے خطاب سے نوازا گیا۔ کرن کمار نے اپنی بہترین اداکاری کے ذریعے فلم سازوں اور ہدایت کاروں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔

اسی دوران، اس وقت کے مشہور فلم ساز راکیش روشن ایک فلم "خود غرض” بنا رہے تھے۔ انھیں ایک نیا چہرہ بطور منفی کردار چاہیے تھا۔ راکیش روشن نے کرن کمار سے بات کی اور فلم کی کہانی سنائی، جس میں انھیں منفی کردار ادا کرنا تھا۔

کرن کمار کو کہانی بہت پسند آئی اور انھوں نے فلم کے لیے حامی بھر لی۔ فلم مکمل ہوئی اور جب سنیما گھروں میں نمائش کے لیے آئی تو فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ کرن کمار بالی ووڈ کے زبردست منفی کردار بن کر سامنے آئے اور ہیرو کی جگہ منفی کردار میں زبردست شناخت بنائی اور مشہور ہوئے۔

اس کے بعد فلم "تیزاب” میں ایک اور زبردست منفی کردار "لوٹیا پٹھان” ملا۔ یہ کردار کرن کمار کے لیے سنگ میل ثابت ہوا اور پھر کئی فلموں کا سلسلہ چل نکلا۔

امیتابھ بچن کے ساتھ فلم "خدا گواہ” میں موقع ملا اور فلم فیئر نے بہترین منفی کردار کے ایوارڈ سے نوازا۔ اس وقت کرن کمار نے منفی کرداروں میں اپنی الگ شناخت بنائی، جب بالی ووڈ میں کئی مشہور منفی اداکاروں کا دور تھا، جیسے پران، پریم چوپڑا، رنجیت، انور حسین، مدن پوری، قادر خان، شکتی کپور اور امجد خان۔ کرن کمار نے ان سب کے ساتھ کام کیا اور اپنی جگہ مضبوط کی۔

کرن کمار کی کچھ مشہور فلمیں "خود غرض”، "تیزاب”، "ہیرو ہیرا لال”، "اگنی”، "کالا بازار”، "آج کا ارجن”، "خون کا قرض” اور "خدا گواہ” شامل ہیں۔

کرن کمار نے بالی ووڈ فلموں کے علاوہ علاقائی فلموں میں بھی کام کیا، جن میں سب سے زیادہ گجراتی اور پھر بھوجپوری فلمیں شامل ہیں۔ انھوں نے ٹالی ووڈ کی طرف بھی رخ کیا اور کئی مشہور ٹی وی شوز میں کام کیا۔ ان کی پہلی ٹی وی سیریل "زندگی” تھی۔

اس کے بعد "گھٹن”، "ساحل”، "منزل”، "کتھا ساگر” اور "گرہستی” سمیت بے شمار ٹی وی سیریلز میں کام کیا اور اپنی بہترین اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ اس وقت کرن کمار ٹی وی سیریلز کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔

اسی دوران کرن کمار نے اپنا پروڈکشن ہاؤس "سائیں نامہ پروڈکشن” شروع کیا۔ اس کے تحت ڈی ڈی چینل کے لیے کئی بہترین سیریلز بنائے، جن میں "آشیانہ”، "آرمی”، "منزل” اور "زندگی” شامل ہیں۔

کرن کمار نے بالی ووڈ میں "دھرما برادرز” کی فلم میں کام کیا، جس میں ان کے ساتھ اکشے کمار، جیکی شروف اور سدھارتھ ملہوترا تھے۔ فلمی دنیا کے علاوہ کرن کمار سماجی بیداری مہم، بچوں کے حقوق اور کینسر کے پروجیکٹس میں بھی مصروف ہیں۔

کرن کمار نے اپنے چار دہائیوں کے فلمی سفر میں 300 سے زائد بالی ووڈ فلموں میں کام کیا۔ اس کے علاوہ 80 سے زائد گجراتی اور بھوجپوری فلمیں کیں اور بے شمار ٹی وی سیریلز میں اپنی بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں "انٹرنیشنل لائف ممبر آف فلم اینڈ ٹیلی ویژن کلب آف ایشین اکیڈمی فلم اینڈ ٹیلی ویژن” کے عہدے پر فائز کیا گیا۔ وہ "سینے اینڈ ٹیلی ویژن آرٹسٹ ایسوسی ایشن” کے کور کمیٹی ممبر بھی رہے۔

ایوارڈز کی فہرست اگرچہ زیادہ بڑی نہیں، لیکن اہم ہے۔ 1992 میں فلم "خدا گواہ” کے لیے فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین منفی اداکار دیا گیا۔ ٹی وی سیریل "گھٹن” اور "اور پھر ایک دن” کے لیے مئیر ایوارڈز حاصل کیے، جبکہ "زی ٹی وی ایوارڈ” میں بہترین والد کا ایوارڈ بھی جیتا۔

kiran-kumar-2

کرن کمار نے گجراتی فلم کی اداکارہ ششما ورما سے شادی کی، ان کے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔ بیٹا شوریہ بہت جلد بالی ووڈ میں بطور ہیرو نظر آئیں گے اور اس وقت وہ ڈیوڈ دھون اور عباس مستان کے ساتھ ہدایت کاری کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ بیٹی شرشتی فیشن اور اسٹائل کنسلٹنسی میں مصروف ہیں۔

کرن کمار نے اپنی محنت اور جدوجہد سے بالی ووڈ اور دیگر پروڈکشنز میں اپنی شناخت بنائی، جو قابلِ تعریف ہے۔


مغربی بنگال کی نہایت خوبصورت اور معصوم مسکراہٹ والی اداکارہ موسمی چٹرجی

متعلقہ خبریں

Back to top button