کورٹلہ/تلنگانہ: کورٹلہ کے اسسٹنٹ ڈویژنل انجینئر (ADE) رگھوپتی نے برقی حادثات میں جاں بحق ہونے والے 2 مزدوروں کے خاندانوں کو دس لاکھ روپے کا معاوضہ تقسیم کیا۔ اس موقع پر ہر خاندان کو پانچ پانچ لاکھ روپے کے چیک دئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق، کورٹلہ ٹاؤن کے حاجی پور سے تعلق رکھنے والے شیخ شفیق روزانہ مزدور کی حیثیت سے گھر کی تعمیر کے کام میں مصروف تھے۔ ایک گڑھے میں پانی نکالنے کے دوران موٹر وائر میں خرابی آنے سے انہیں برقی جھٹکا لگا اور موقع پر ہی ان کی موت واقع ہوگئی۔
دوسرا حادثہ موہن راؤ پیٹ گاؤں کے رہائشی راجندر کے ساتھ پیش آیا۔ وہ گوندارام میں ایک شادی کی تقریب کے سلسلے میں چونے کا کام کر رہے تھے کہ اچانک گھر کے وائر انسولیشن فیل ہونے سے کرنٹ لگنے پر ان کی بھی موت ہوگئی۔
محکمہ برقی کی جانب سے دونوں خاندانوں کے لیے معاوضے کے چیک اے ڈی ای رگھوپتی نے تقسیم کیے۔ اس موقع پر کورٹلہ ٹاؤن اے ای شیام، اے ای اشوک، سب انجینئر دامودر، جیوتی، اسٹاف راجا ویر، دیوراجو، سرینواس اور کورٹلہ ٹاؤن AIMIM صدر محمد رفیع بھی موجود تھے۔
محکمہ برقی نے دونوں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے برقی تاروں اور موٹروں کی باقاعدہ جانچ کا عمل تیز کیا جائے گا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ محمد شفیق کی گزشتہ سال ستمبر میں حادثاتی موت کے بعد اُن کی بیوہ ثریّا اور تین بیٹیوں کو ایکس گریشیا معاوضہ دلانے کے لیے ریاستی نائب صدر گنگولا رام گوپال (TUWJ-H143) نے مؤثر نمائندگی کرتے ہوئے بیوہ کو اُن کا حق دلوایا۔ پوری کارروائی میں اے ڈی ای رگھوپتی (کورٹلہ) کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔



