
یوکرائنی فوج مارٹر حملے کر رہی ہے، مشرقی یوکرائنی باغیوں کا الزام
دبئی،17؍ فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مشرقی یوکرائن میں متحرک روس نواز باغیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرائنی فوج باغیوں کے کنٹرول والے علاقوں کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنا رہی ہے۔ باغیوں کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں چار مواقع پر یوکرائنی فوج کی جانب سے مارٹر حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
ماسکو حکومت کی جانب سے یوکرائنی سرحد سے چند فوجی دستوں کی واپسی اور یوکرائن پر حملہ نہ کرنے کے دعووں سے اقتصادی منڈیوں میں کاروبار میں قدرے تیزی آئی تھی۔ تاہم اب ان خبروں کے بعد ایک مرتبہ پھر ایشیائی مارکیٹوں میں مندی دیکھی گئی۔
آسٹریلیا حماس کو دہشت گرد تنظیموں میں شامل کرنے کے لیے تیار
واشنگٹن،17؍ فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آسڑیلیا حماس کی پوری تنظیم کودہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں ڈالنے جا رہا ہے۔یہ بات آسٹریلوی وزیر داخلہ کیرن اینڈریوز نے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ پٹی کی منتظم حماس تحریک کو آسٹریلیا کے تعزیراتی ضوابط کے تحت ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی حکومت تشدد کی ہر شکل کی مخالف ہے، جس کا مقصد آسٹریلوی شہریوں کو دہشت گردی اور پرتشدد شدت پسندی سے بچانا ہے۔ آسڑیلوی حکومت نے امریکی پرتشدد نسل پرست گروہ نیشنل سوشلسٹ آرڈر اور شامی تنظیم حیات التحریر الشام کو بھی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
گزشتہ ماہ 10 لاکھ سے زیادہ ملازمتیں دی گئی ہیں:جنوبی کوریا
دبئی،17؍ فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جنوبی کوریا میں گزشتہ ماہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد کر ملازمتیں دی گئیں جو گزشتہ 22 سالوں میں دی جانے والی ملازمتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ چینی خبر رساں ادارے نے جنوبی کوریا کے ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ رواں سال جنوری میں 10 لاکھ افراد کو ملازمتیں دیئے جانے کے بعد ملازمین کی کل تعداد 26,953,000 ہو گئی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 1,135,000 زیادہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملازمتیں دینے کی مذکورہ گزشتہ 22 سالوں میں دی جانے والی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ واضح رہے کہ جنوری 2021 میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے سالانہ بنیادوں پر ملازمتوں میں 982,000 کی کمی واقع ہوئی تھی۔
کویت: وزرائے دفاع اور داخلہ نے استعفیٰ دے دیا
کویت سٹی،17؍ فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کویت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ حمد جابر العلی اور نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ الشیخ احمد المنصور نے وزیر اعظم الشیخ صباح الخالد الصباح کو اپنے استعفے پیش کر دیے ہیں۔القبس کو ایک خصوصی بیان دیتے ہوئے الشیخ حمد جابر العلی نے کہا کہ میں نے اپنا استعفیٰ اس لیے پیش کیا کہ ہم اس ماحول میں مزید کام نہیں کر سکتے۔
؎
دریں اثنا دفاع اور داخلہ کے وزراء نے کہا کہ عام ماحول سیاسی منظر نامے میں جھگڑوں اور ہنگامہ آرائی سے بھرا ہوا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں وضاحت کی کہ اصلاحات کا حصول تقریباً ناممکن ہو گیا ہے کیونکہ ایگزیکٹو باڈیز کی طرف سے مجموعی اصلاحات میں رکاوٹوں کی وجہ سے اب مزید کام ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجلس امہ کے ارکان پوچھ گچھ کے آلے کو من مانی طور پر استعمال کرتے ہیں۔اس استعفیٰ سے چند گھنٹے قبل وزیر خارجہ الشیخ احمد ناصر المحمد عدم اعتماد سے اس وقت بچے جب ان کے خلاف پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی تاہم اس میں ان 23 ارکان نے اس کی مخالفت جب کہ 21 نے بل کی حمایت کی تھی۔پارلیمنٹ کا یہ اجلاس دس ارکان کے مطالبے پر طلب کیا گیا تھا۔ انہوں نے وزیر خارجہ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔
افغانستان کو انسانی ہمدردی کی بنا پر نقد 3 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر موصول
کابل،17؍ فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)افغانستان کو انسانی ہمدردی کی بنا پر نقد امداد کی مد میں 3 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر موصول ہوئے ہیں۔افغانستان کے مرکزی بینک ”دا افغانستان بینک(ڈی اے بی)” نے ٹویٹ کیا کہ افغانستان کو انسانی ہمدردی کی بنا پر موصول ہونیوالی امداد کی 15 ویں کھیپ کے سلسلے میں 3 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر افغانستان انٹرنیشنل بینک(اے آئی بی)کو موصول ہو گئے ہیں۔
ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی اے بی بین الاقوامی برادری کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنا پر امداد کو سراہتا ہے اور اس شعبے میں مزید تعاون کا مطالبہ کرتا ہے۔بینک نے کہا کہ ہفتے کے اختتام سے لیکر اب تک بین الاقوامی برادری کی جانب سے ملک کو موصول ہونیوالی حالیہ امداد 9کروڑ 60لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
بینک کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال اگست کے وسط میں افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد سے جنگ زدہ ایشیائی ملک کو 34 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد کی نقد امداد موصول ہو چکی ہے۔طالبان کے افغانستان پر قبضے کے بعد امریکہ نے افغان مرکزی بینک کے 9 ارب امریکی ڈالر سے زائد کے اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔
اسرائیل کا دمشق کے جنوب میں میزائلوں سے حملہ
غزہ،17؍ فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اسرائیل کی جانب سے بدھ کو شامی دارالحکومت کے جنوب میں شیل داغے گئے۔ شامی میڈیا کے مطابق ان حملوں میں املاک کو نقصان پہنچا۔ رواں ماہ یہ دوسرا موقع ہے جب اسرائیل کی جانب سے شام میں طیارہ شکن بیٹریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس سے قبل 9/فروری کو شام کی جانب سے راکٹ داغے جانے کے بعد بھی اسرائیل نے شام پر فضائی حملے کیے تھے۔ شامی عسکری ذرائع کے مطابق اسرائیل نے گولان کے مقبوضہ پہاڑی سلسلے سے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائیلوں کے ذریعے ذکیہ کے قصبے کو نشانہ بنایا۔
شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اسرائیلی حملے کا نشانہ ایک حکومتی عسکری پوسٹ تھی۔
چینی صدر کا یوکرائن روس تنازعہ کے سیاسی حل پر زور
بیجنگ ،17؍ فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) چینی صدر نے فرانسیسی ہم منصب کو ٹیلی فون کیا۔ چینی میڈیا کے مطابق دونوں صدور کے درمیان یوکرائن تنازعہ پر بات چیت ہوئی۔ چینی صدر نے یوکرائن تنازعہ کے سیاسی تصفیئے پر زور اور فریقین کو تنازعات کے حل کیلئے کثیر الجہتی پلیٹ فارم استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اگر برطانیہ نے نئی پابندیاں لگائیں تو روس جوابی اقدام کرے گا۔
یورپین یونین اور افریقی ممالک کے درمیان 2 روزہ سمٹ کا انعقاد
واشنگٹن،17؍ فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یورپین یونین اور افریقی ممالک کے درمیان 2 روزہ سمٹ آج برسلز میں منعقد ہو رہی ہے۔اس سمٹ میں 27 یورپین ممالک کے سربراہان مملکت وحکومت اور افریقی یونین کے 40 رہنما شریک ہو رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق اس سمٹ میں افریقن کانٹینینٹ کے ساتھ یورپین یونین کے معاشی تعلقات میں اضافے پر بات چیت کی جائے گی۔
جس میں چائنہ کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے مقابلے میں افریقہ کے لیے اپنا ترقیاتی منصوبہ بھی شامل ہے۔اس منصوبے کے لیے یورپ نے ویسے تو 300 ارب یورو کا اعلان کیا ہوا ہے لیکن ذرائع کے مطابق اس سمٹ میں 150 ارب یورو خرچ کرنے کی بات کی جائے گی۔ مسئلہ صرف یہی ہے کہ اس میں کتنی گرانٹ، کتنی انوسٹمنٹ اور کتنے قرض کی صورت میں خرچ کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں یورپین دارالحکومت برسلزمیں اکٹھے ہونے والے یورپین لیڈرز کے درمیان روس اور یوکرین کے جھگڑے کے تناظر میں بات چیت بھی اہم موضوع ہے کیونکہ اسی دوران یورپین سیکیورٹی کو لیکر نیٹو وزرائے دفاع کا دو روزہ اجلاس بھی برسلز میں جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ تمام لیڈرز روس پر دبائو میں اضافے کے لیے پابندیوں کے مختلف طریقوں پر بات کریں گے۔یورپ۔ افریقہ سمٹ کے دوران مختلف ویکسینز کی آفریقہ میں تیاری بھی افریقی لیڈروں کا ایک مطالبہ ہے لیکن یورپین ادویہ ساز ادارے اس عمل کی مخالفت کر رہے ہیں۔



