بین الاقوامی خبریں

کویت نے فلپائنی شہریوں کیلئے تمام ورک اور انٹری ویزے معطل کردیئے

فلپائن کے شہریوں کے لیے ہر قسم کے ورک اور انٹری ویزے معطل کردیئے ہیں

کویت سٹی ،۱۱؍مئی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) کویت نے دو طرفہ لیبر معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے بعد فلپائن کے شہریوں کے لیے ہر قسم کے ورک اور انٹری ویزے معطل کردیئے ہیں۔مقامی اخبارکویت ٹائمز کے مطابق وزیرداخلہ شیخ طلال الخالد الصباح نے ویزا کی خلاف ورزی کے بعد فلپائنیوں کے کسی نئے ویزے کا اجرا روکنے کا حکم دیا ہے۔اخبار نے وزارت داخلہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلپائن کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان لیبر معاہدے کی شقوں پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔فلپائن نے فروری میں ایک35سالہ گھریلوملازمہ کے بہیمانہ قتل کے بعد پہلی بارکویت میں کام کرنے والے ملازمین، خاص طور پر گھریلو ملازمین کے خلیجی ریاست میں داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔

اس فلپائنی ملازمہ کو اس کے کویتی آجر کے نوعمر بیٹے نے سفاکانہ طریقے اندازمیں قتل کردیا تھا۔فلپائنی حکومت نے حال ہی میں کویت میں نئی بھرتی ایجنسیوں کی توثیق بھی معطل کردی ہے۔اس وقت قریباً 268،000 فلپائنی تارکینِ وطن کویت میں ملازمتیں کرتے ہیں۔فلپائن کے محکمہ تارکین وطن ملازمین کے اعداد وشمار کے مطابق،صرف 2022 میں فلپائنی کارکنوں کے خلاف نارواسلوک کے 24،000 سے زیادہ واقعات ریکارڈ کیے گئے تھے۔فلپائن کے تارک وطن کارکنوں کے امورکی سیکریٹری سوزن اوپل نے جنوری میں کہا تھا کہ حکام کی ایک ٹیم فلپائنی کارکنوں کے خلاف بدسلوکی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی تحقیقات کے علاوہ کویتی حکام کے ساتھ مل کرروک تھام کے اقدامات کے لیے کام کرے گی۔

ان کے مطابق فلپائنی باشندوں کے جنسی استحصال اورعصمت ریزی، انسانی اسمگلنگ،مزدوری کے معاہدے کی خلاف ورزیوں اور غیر قانونی برطرفیوں سے متعلق شکایات عام ہیں۔ان کے علاوہ کویت میں گھریلو ملازمین کی تن خواہوں میں تاخیریاعدم ادائی، کام کے طویل اوقات، سونے کے غیرآرام دہ انتظامات اور ان کے پاسپورٹ اور ذاتی سامان ضبط کرنے کی بھی عام اطلاعات ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button