24 افراد بری ،رانچی کی سی بی آئی کورٹ کا فیصلہ
رانچی ،15؍ فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) سابق وزیر اعلی اور آر جے ڈی صدر لالو یادو کو 950 کروڑ روپئے کے چارہ گھوٹالہ سے متعلق پانچویں معاملے میں بھی مجرم قرار دیا گیا ہے۔ رانچی کی سی بی آئی عدالت نے انہیں ڈورانڈا خزانے سے 139.35 کروڑ کے غبن کے معاملے میں مجرم قرار دیا ہے۔عدالت نے اس معاملے میں 24 لوگوں کو بری کر دیا ہے، جبکہ لالو کے قریبی لیڈر جگدیش شرما اور دھرو بھگت سمیت 35 لوگوں کو تین تین سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ عدالت نے لالو یادو کی سزا کا اعلان نہیں کیا ہے۔
انہیں اور باقی دیگر مجرموں کو 21 فروری کو سزا سنائی جائے گی۔ ان دنوں لالو یادو ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔ اگر لالو یادو کو بھی تین سال یا اس سے کم کی سزا سنائی جاتی ہے تو انہیں عدالت سے ہی ضمانت مل جائے گی، ورنہ انہیں حراست میں لے لیا جائے گا۔ مقدمے کے اصل 170 ملزمان میں سے 55 کی موت ہو چکی ہے، سات سرکاری گواہ بن چکے ہیں، دو نے اپنے خلاف الزامات قبول کر لیے ہیں اور چھ مفرور ہیں۔
لالو پرساد کے علاوہ سابق ایم پی جگدیش شرما، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اس وقت کے چیئرمین دھرو بھگت، حیوانات کے سکریٹری بیک جولیس ،ڈاکٹر کے ایم پرساد اہم ملزم ہیں۔ لالو یادو سمیت تمام ملزمان کے خلاف تحقیقاتی ایجنسی نے 2001 میں چارج شیٹ داخل کی تھی اور 2005 میں چارج شیٹ بنائی گئی تھی۔



