تیز پروسیسر اور بہتر کیمرے کے ساتھ آئی فون 13 اور آئی پیڈ لانچ
جارجیا:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ایپل نے اپنے آئی فون کے اگلے ماڈلز کی نقاب کشائی کر دی ہے جس کا #ایپل کے #صارفین شدت سے انتظار کر رہے تھے۔ ان میں ایک ایسا ماڈل بھی شامل ہے جس میں پچھلے ماڈلز کی نسبت ڈیٹا ذخیرہ کرنے کی گنجائش دو گنے سے بھی زیادہ ہے۔ آئی فونز کے نئے ماڈلز میں جنہیں آئی #فون 13 کہا جا رہا ہے، گزشتہ ماڈلز کے مقابلے میں کچھ اپ گریڈز شامل کیے گئے ہیں جو صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا سکتے ہیں۔
منگل کے روز اپنی نئی ڈیجیٹل مصنوعات کی ورچوئل تقریب میں پہلے سے ریکارڈ شدہ #ویڈیو پیش کی گئی، جس کا اہتمام کمپنی کے ہیڈکوارٹر کوپرٹینو سے کیا گیا جو ریاست کیلی فورنیا میں واقع ہے۔گزشتہ چند ہفتے ایپل کے لیے بڑے ہنگامہ خیز رہے، جن میں فون کے ڈیٹا کی سیکیورٹی سے متعلق سوالات اور ایک فیڈرل کورٹ کا ایپ سٹور سے متعلق کمپنی کے خلاف ایک فیصلہ بھی شامل ہے جس سے ایپل ہر سال اربوں ڈالر منافع کما رہا تھا۔
ایپل کا نیا فون دیکھنے میں اپنے پچھلے سال کے ماڈل سے زیادہ مختلف نہیں ہے۔ #امریکی ٹیکنالوجی #کمپنی ایپل نے پہلے سے تیز پروسیسر اور بہتر کیمرے کے ساتھ آئی فون کی نئی سیریز اور آئی پیڈ متعارف کرا دیے ہیں۔آئی فون 13 کے نئے ماڈلز متعارف کراتے ہوئے جہاں ایپل نے قیمتوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ غلط ثابت کیا ہے وہیں اپنے سمارٹ فونز میں مہیا کی جانے والی فائیو جی ٹیکنالوجی کا دائرہ کار بھی بڑھایا ہے۔
آئی فون کی نئی سیریز میں سکس کور سی پی یو میں دو ہائی پرفارمنس کورز ہیں جب کہ چار ہائی ایفیشنسی کورز رکھی گئی ہیں۔ایپل کے متعارف کردہ آئی فون 13 سیریز کے چاروں #ماڈلز 24 ستمبر سے مارکیٹ میں خریداری کے لیے دستیاب ہوں گے۔
آئی فون 13 منی کی قیمت 699 ڈالر، آئی فون 13 کی قیمت 799 ڈالر، آئی فون 13 پرو 999 اور آئی فون پرو میکس کی کم سے کم قیمت 1099 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔آئی پیڈ میں نئے کیمرے اور فائیو جی کنیکٹیویٹی کا اضافہ کرتے ہوئے کمپنی نے اسمارٹ #واچ کا ڈسپلے پہلے سے بڑا کیا اور ٹائپنگ کے لیے آن اسکرین کی بورڈ بھی شامل کیا ہے۔
ایپل واچ سیریز 7 میں نیا کیا؟
ایپل واچ میں ہر وقت آن رہنے والا نیا ریٹینا ڈسپلے تیار کیا گیا ہے جس میں سکرین ایریا پہلے سے بڑا اور کناروں کو پہلے سے باریک کر دیا گیا ہے۔ ان تبدیلیوں کے بعد نئی سیریز کی ایپل واچ اپنے سابقہ ورژنز کے مقابلے میں بڑے ڈسپلے سے مزین ہوئی ہے۔ایپل واچ سیریز سیون 40 ملی میٹر اور 45 ملی میٹر کے سائزز میں دستیاب ہو گی۔ اس کا ریٹینا ڈسپلے انڈور رہتے ہوئے ایپل واچ سیریز سکس کے مقابلے میں 70 فیصد زیادہ روشن رہتا ہے۔ اس تبدیلی کی وجہ سے کلائی اٹھا کر گھڑی دیکھنے کی ضرورت نہیں رہتی۔
ایپل واچ سیریز سیون 399 ڈالر، ایپل واچ ایس ای 279 ڈالر اور ایپل واچ سیریز تھری 199 ڈالر کی قیمت میں دستیاب ہو گی۔ایپل کی جانب سے نئی ڈیوائسز متعارف کرانے کی تقریب سوشل میڈیا پر زیربحث موضوعات میں بھی نمایاں رہی۔
ٹوئٹر کی ٹرینڈز لسٹ میں پہنچنے کے بعد اس میں گفتگو کرنے والے صارفین کہیں قیمت اور نئے فیچرز پر بات کرتے رہے تو کئی ایسے تھے جو فورا یہ ڈیوائسز حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے پائے گئے۔



