سرورققومی خبریں

بجرنگ دل اور وی ایچ پی نے مفروضہ لو َ جہاد کے تناظر میں جاری کیا ہیلپ لائن نمبر

ٹی وی اداکارہ تونیشا شرما اور شردھا قتل کیس کو بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) سمیت کئی جماعتوں کے لیڈروں نے کیش کرتے ہوئے لو َ جہاد کا معاملہ قرار دیا

نئی دہلی ، 31دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ٹی وی اداکارہ تونیشا شرما اور شردھا قتل کیس کو بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) سمیت کئی جماعتوں کے لیڈروں نے کیش کرتے ہوئے لو َ جہاد کا معاملہ قرار دیا ۔ دریں اثناء بجرنگ دل نے کرناٹک کے منگلورو میں ’لو َ جہاد ہیلپ لائن‘ نمبر شروع کیا۔ اس بارے میں پارٹی نے دعویٰ کیا کہ وہ ان لڑکیوں کی مدد کرے گی جنہیں زبردستی مذہب تبدیل کرکے بین مذہبی شادیاں کرائی گئیں۔بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد نے کئی ہندو تنظیموں کے ساتھ مل کر لو َجہاد ہیلپ لائن نمبر شروع کیا ہے۔ اِن فسطائی تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ وہ لڑکیوں اور ان کے اہل خانہ کو قانونی اور صحت سے متعلق مدد فراہم کریں گے۔ وی ایچ پی کے پبلسٹی چیف پردیپ سری پالا نے کہا کہ ہیلپ لائن ٹیم میں ڈاکٹروں اور رضاکاروں سمیت 20 لوگ شامل ہیں۔

یہ ہمیشہ ہندو لڑکیوں کی مدد کے لیے تیار رہے گا۔وشو ہندو پریشد کے ذمہ دار پردیپ سری پلا نے کہا کہ بہت سی ہندو لڑکیوں کا مذہب تبدیل کراکے اسلام قبول کیا جا رہا ہے۔لڑکیوں کو مارا بھی جا رہا ہے۔ یہ سب کچھ ’محبت ‘کے نام پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ یہ سب کرناٹک میں کئی سالوں سے دیکھے جا رہے ہیں۔ اگر کوئی لڑکی مدد چاہتی ہے تو ہم فوری مدد کریں گے۔ ان کے والدین بھی ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

وشو ہندو پریشد نے بتایا کہ اگر کسی لڑکی کو کوئی مسئلہ ہے تو وہ 9148658108 پر کال کر سکتی ہے اور 9591658108 پر واٹس ایپ کر سکتی ہے۔ ایک ای میل antilovejihadadmin@gmail.com بھی جاری کیاگیا ہے۔ یاد رہے کہ شدت پسند فسطائی ہندو تنظیمیں دہلی کی مہرولی میں شردھا والکر کے قتل اور ٹی ادا کارہ تیونشا شرما کی خودکشی کو اپنے مفروضہ طریقہ سے لوجہاد کے چشمہ سے دیکھ رہی ہیں ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button