قلوپطرہ کی غلط تصویر کشی پر نیٹ فلکس کیخلاف مقدمہ، 2 بلین ڈالر ہرجانے کا دعویٰ
تاریخی حقائق کو مسخ پر یونیسکو کی مداخلت کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
قاہرۃ، 15مئی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ماہرین قانون اور آثار قدیمہ پر مشتمل ایک مصری گروپ نے نیٹ فلکس Netflix# پلیٹ فارم سے نشر ہونے والی دستاویزی فلم میں شہرہ آفاق ملکہ قلوپطرہ کے تصور اور قدیم مصری تہذیب کو مسخ کرنے پر ویڈیو پلیٹ فارم کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبے کے ساتھ ساتھ 2 بلین ڈالر کے ہرجانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔متنازعہ دستاویزی فلم کے باعث مصری شناخت اور شخصیات اور تاریخی ورثے کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے پر زور دیا گیا۔ تاریخی حقائق کو مسخ پر یونیسکو کی مداخلت کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ملکہ قلوپطرہ پر بننے والی دستاویزی فلم، جو نیٹ فلکس کے پلیٹ فارم سے نشر کی گئی، مصر میں اس کی ریلیز سے قبل ہی ہلچل مچا چکی ہے،
فلم میں فرعونی دور کی ملکہ کی سیاہ رنگت دکھانے پر مصری کافی برہم ہیں۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ نیٹ فلکس پر نشر ہونے والی اس متنازعہ دستاویزی فلم میں مشہور مصری ملکہ قلوپطرہ کو ایک سیاہ فام کے طور پر پیش کیا گیا ہے جو حقیقت کے برعکس ہے۔
فلم میں مجموعی تاریخی غلطیوں کی وجہ سے اسے جھوٹ پر مبنی اور مصر کے تہذیبی اور ثقافتی ورثے پر ایک واضح حملہ قرار دیا گیا ہے۔مصر کے بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ جان بوجھ کر کی گئی ایک سازش ہے جس کے پیچھے افریقن سنٹرل موومنٹ ہے۔فلم کے خلاف احتجاج کرنے والے گروپ کے ایک وکیل عمرو عبدالسلام نے بتایا کہ انہوں نے ریاستی کونسل کی انتظامی عدالت میں ایک مقدمہ دائر کیا ہے کہ مصری حکومت کو تمام سفارتی اقدامات اٹھانے کا پابند بنایا جائے تاکہ وہ متعلقہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بات چیت کریں، اور فلم کی ریلیز روکنے کے لیے امریکی عدالتوں کے سامنے علاقائی اور بین الاقوامی قانونی چارہ جوئی کے اقدامات کریں۔اسی بارے میں بات کرتے ہوئے معروف ماہر مصریات اور نوادرات کے سابق وزیر زاہی حواس نے العربیہ اور الحدث کو بتایا کہ قلوپطرہ بطلیموسی خاندان سے تعلق رکھتی تھی اور وہ صاف گندمی رنگت کی مالک تھی۔
ملکہ قلوپطرہ ہفتم کا تعلق ایک قدیم مقدونیائی یونانی خاندان سے تھا جس نے مصر پر تقریباً 300 سال حکومت کی تھی، اور اس کی بنیاد شاہ بطلیموس اول نے رکھی تھی، جو سکندر اعظم کی فوج میں مقدونیہ کے رہنماؤں میں سے ایک تھا، جسے سکندر کی موت کے بعد مصر کی ریاست منتقل ہوئی تھی۔



