قومی خبریں

نپاہ وائرس سے کیرالہ میں لاک ڈاؤن جیسی صورتحال

کیرالہ کے کوزی کوڈ میں نپاہ وائرس نے دستک دی ہے

کوزی کوڈ، 15ستمبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) کیرالہ کے کوزی کوڈ میں نپاہ وائرس نے دستک دی ہے۔ اب تک 4 کیسز سامنے آچکے ہیں، جب کہ دو لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کنور، وائناڈ اور ملاپورم میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ یہاں کی 7 گرام پنچایتوں کو کنٹین منٹ زون بنایا گیا ہے۔ان علاقوں اور یہاں کے اسپتالوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کوزی کوڈ کے ضلع مجسٹریٹ نے مذکورہ 7 پنچایتوں کے تمام تعلیمی ادارے، آنگن واڑی مراکز، بینک اور سرکاری اداروں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک صرف ادویات اور ضروری سامان فروخت کرنے والی دکانیں کھولنے کی اجازت ہے۔ کیرالہ میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کی ٹیم نپاہ وائرس کی تحقیقات کرے گی۔ این آئی وی ٹیم کوزی کوڈ میڈیکل کالج میں چمگادڑوں کا سروے بھی کرے گی۔

نپاہ وائرس زونوٹک انفیکشن کی ایک قسم ہے۔ جو جانوروں کے ذریعے پھیلتا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق نپاہ وائرس پہلی بار 1998 میں ملائیشیا کے گاؤں سنگائی نپاہ میں پایا گیا تھا۔ اس گاؤں کے نام پر اس کا نام نپاہ رکھا گیا۔عام طور پر یہ وائرس چمگادڑوں اور خنزیروں سے پھیلتا ہے۔ اگر اس وائرس سے متاثرہ چمگادڑ کوئی پھل کھاتا ہے اور انسان یا جانور وہی پھل یا سبزی کھاتا ہے تو وہ بھی انفیکشن کا شکار ہو جاتا ہے۔نپاہ وائرس نہ صرف جانوروں کے ذریعے پھیلتا ہے بلکہ ایک متاثرہ شخص سے دوسرے میں بھی پھیلتا ہے۔

یہ تھوک، خون اور جسمانی رطوبتوں کے ذریعے پھیل سکتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر آپ نپاہ وائرس سے متاثرہ کسی کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، تو مریض کے کھانسنے یا چھینکنے پر بھی آپ کو یہ انفیکشن ہو سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ وائرس بھی ہوا سے پھیلتا ہے۔نپاہ وائرس کی علامات دو سے تین دن میں ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ اس کی ابتدائی علامات میں بخار، سر درد اور سانس لینے میں دشواری شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button