لاؤڈ اسپیکر تنازعہ: ایم این ایس نے شیوسینا بھون کے باہر ہنومان چالیسا پڑھا-بڑی تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی
ممبئی، 10 اپریل :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹر میں لاؤڈ اسپیکر پر تنازع بڑھتا جا رہا ہے۔ راج ٹھاکرے کی مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) نے رام نومی کے موقع پر شیوسینا بھون Shiv Sena Bhawan کے باہر لاؤڈ اسپیکر لگا کر ہنومان چالیسا Hanuman Chalisa کا ورد کیا۔ اس سے متعلق کچھ تصاویر بھی منظر عام پر آئی ہیں، جس کے بعد شیوسینا بھون کے باہر پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ممبئی پولیس نے اس معاملے میں چار کارکنان کو بھی حراست میں لیا ہے۔
پولیس نے ایک لاؤڈ اسپیکر، ایک ٹیکسی جس پر وہ سوار تھا اور دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا۔ بتادیں کہ ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے نے کچھ دن پہلے خبردار کیا تھا کہ مساجد کے باہر سے لاؤڈ اسپیکر ہٹا دئے جائیں، ورنہ وہ مسجد کے سامنے ہنومان چالیسا پڑھیں گے، جس کے بعد شیوسینا کے سینئر لیڈر سنجے راوت نے کہا تھا کہ مہاراشٹر میں قانون کی حکمرانی چلے گی۔
ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے کہا کہ میں پوجا کے خلاف نہیں ہوں، لیکن حکومت کو مسجد کے لاؤڈ اسپیکر کو ہٹانے کا فیصلہ کرنا چاہیے، میں صرف ایک انتباہ دے رہا ہوں۔ لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیں ورنہ مسجد کے سامنے لاؤڈ اسپیکر رکھ کر ہنومان چالیسا پڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ اتر پردیش ترقی کر رہا ہے، ہم مہاراشٹر میں بھی یہی ترقی چاہتے ہیں، میں ایودھیا جاؤں گا، لیکن آج نہیں بتاؤں گا کہ کب، ہندوتوا پر بھی بات کروں گا، مجھے اپنے مذہب پر فخر ہے۔



