جرائم و حادثات

محبت میں ناکامی سے دلبرداشتہ ہوکر عاشق جوڑے کی خودکشی

بیدر، 23؍ ڈسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ریاست کرناٹک کے تعلقہ ہمنا آباد میں ایک دِل سوز واقعہ پیش آیا، جہاں محبت میں ناکامی پر ایک عاشق جوڑے نے زرعی مقصد کے لیے استعمال ہونے والے کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔

متوفیان کی شناخت سریکانت ناگپا (عمر 30 سال) اور نکیتا پربھو (عمر 18 سال) کے طور پر کی گئی ہے، جو وروٹی گاؤں کے رہنے والے تھے۔ دونوں کے درمیان گہری محبت تھی، مگر ان کے خاندان اس رشتے سے راضی نہ تھے۔ اہلِ خانہ کے انکار نے ان دونوں کو دل برداشتہ کر دیا، جس کے بعد انہوں نے مل کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ واقعہ دھمنسور گاؤں کی ایک سڑک کے قریب، محمد عثمان (سینٹرنگ کے گتہ دار) کے زرعی کنویں میں پیش آیا۔ واقعے کے اگلے دن جب کھیت کا ملازم کنویں کے قریب چپلیں دیکھ کر چونک گیا تو جھانکنے پر دونوں کی لاشیں پانی پر تیرتی نظر آئیں۔

اطلاع ملنے پر ہمنا آباد پولیس فوری جائے وقوعہ پر پہنچی، اور فائر بریگیڈ کی مدد سے لاشوں کو باہر نکالا گیا۔ قانونی کارروائی کے بعد دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہمناآباد کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا اور بعد ازاں ورثاء کے حوالے کیا گیا۔

پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ جائے واردات پر ڈی ایس پی سوم لنگ بی کمبار، سی پی آئی ڈاکٹر ملکارجن یاتنور، پی ایس آئی روی کمار اور کرائم پی ایس آئی کرن کمار سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button