قومی خبریں

LPG سلنڈر صارفین کے لیے اہم خبر، DAC کوڈ سے متعلق نئی ہدایات جاری

"ڈی اے سی کوڈ صرف سلنڈر کی ترسیل کے وقت ہی شیئر کریں، جعلی پیغامات سے محتاط رہیں۔"

نئی دہلی 11 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ایل پی جی سلنڈر کی محفوظ ترسیل کے لیے استعمال ہونے والے ڈی اے سی کوڈ سسٹم کے حوالے سے انڈین، ایچ پی گیس اور بھارت گیس نے اہم اپ ڈیٹس جاری کی ہیں۔ کمپنیوں کے مطابق ڈی اے سی کوڈ DAC code کے ذریعے سلنڈر کی ترسیل اب پہلے سے زیادہ محفوظ اور شفاف ہو گئی ہے، تاہم سائبر فراڈ کرنے والے عناصر جعلی پیغامات اور فرضی او ٹی پی کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کمپنیوں نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ صرف سرکاری پیغامات پر بھروسہ کریں اور کسی بھی نامعلوم لنک یا مشتبہ کال کے ذریعے موصول ہونے والے او ٹی پی کو ہرگز شیئر نہ کریں۔ ماہرین کے مطابق ڈی اے سی کوڈ نظام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ایل پی جی سلنڈر صرف اصل صارف تک ہی پہنچے۔

ایچ پی گیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ دھوکہ باز افراد ایل پی جی ڈیلیوری کے نام پر جعلی پیغامات بھیج سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق اصل پیغام ہمیشہ سرکاری شناخت جیسے "VM-HPGASc-S” سے آتا ہے اور اس میں چار ہندسوں کا او ٹی پی شامل ہوتا ہے۔ کمپنی نے واضح کیا کہ یہ او ٹی پی صرف سلنڈر کی ترسیل کے وقت ہی استعمال کیا جانا چاہیے۔

کمپنی نے صارفین کو خبردار کیا کہ ایچ پی گیس کے ملازمین کبھی بھی فون کال، واٹس ایپ یا کسی مشتبہ لنک کے ذریعے او ٹی پی طلب نہیں کرتے۔ اگر کوئی پیغام فوری کارروائی کا مطالبہ کرے یا اس کی شکل مشتبہ ہو تو اس پر ہرگز بھروسہ نہ کریں۔

بھارت گیس نے بھی صارفین سے محتاط رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صرف سرکاری ذرائع سے موصول ہونے والے پیغامات پر یقین کیا جائے۔ سائبر ماہر اوپیندر سنگھ نے بتایا کہ اگر کسی صارف نے سلنڈر بک نہیں کیا اور اس کے باوجود ڈیلیوری کا پیغام موصول ہو تو اسے فوراً نظر انداز کر دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر صارف نے بکنگ کی ہے تو پہلے یہ چیک کریں کہ پیغام کسی سرکاری شناخت جیسے "VK-INDANE” یا "VM-INDANE” سے آیا ہے یا نہیں۔ اصل پیغام میں بکنگ نمبر، انوائس نمبر اور چھ ہندسوں کا ڈی اے سی کوڈ درج ہوتا ہے۔ یہ کوڈ صرف اس وقت شیئر کرنا چاہیے جب ڈیلیوری بوائے سلنڈر لے کر گھر پہنچ جائے۔

ادھر مختلف شہروں میں ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں۔ بنگلورو میں گھریلو سلنڈر 915.50 روپے جبکہ تجارتی سلنڈر 3152 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ حیدرآباد میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 965 روپے اور تجارتی سلنڈر کی قیمت 3315 روپے ہے۔

اندور میں گھریلو سلنڈر 941 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر 3176.50 روپے میں دستیاب ہے۔ رائے پور میں گھریلو سلنڈر 984.50 روپے اور تجارتی سلنڈر 3294.50 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ پٹنہ میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 1002.50 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر 3346.50 روپے ہے۔

جے پور میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر 916.50 روپے میں دستیاب ہے جبکہ 19 کلوگرام کمرشل سلنڈر کی قیمت 3099 روپے ہے۔ دہرادون میں گھریلو سلنڈر 932 روپے اور تجارتی سلنڈر 3129 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ انڈمان میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 989 روپے جبکہ تجارتی سلنڈر 3490 روپے تک پہنچ چکا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button