قومی خبریں

لکھنؤ :ہوٹل لیوانہ میں آتشزدگی کا معاملہ، کئی محکموں کے 17 عہدیدار معطل

لکھنؤ ،11ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے ہوٹل لیوانہ آتشزدگی معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ریاستی حکومت نے قصوروار اہلکاروں کیخلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 17 افسران کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں 6 محکموں کے 19 افسران کو براہ راست قصوروار قرار دیا گیا ہے۔تحقیقات میں لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور فائر حکام کو غیر قانونی تعمیرات اور حفاظتی معیارات کو نظر انداز کرتے ہوئے ہوٹل وقتاً فوقتاً منظوری اور این او سی جاری کرنے کا مرتکب پایا گیا ہے۔

رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد ریاستی حکومت نے ان افسران کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔لکھنؤ کے پولس کمشنر ایس بی شروڈکر اور ڈویزنل کمشنر روشن جیکب نے لیوانہ آتشزدگی کے واقعہ پر رپورٹ پیش کی ہے۔ اس معاملہ میں قصوروار پائے گئے 19 افسران میں سے دو ریٹائر ہو چکے ہیں۔ جن افسران پر کارروائی کی گئی ہے ان میں سی ایف او (چیف فائر آفیسر)، اس وقت کے ایکسائز آفیسر اور اس وقت کے دیگر افسران شامل ہیں۔

لکھنؤ کے موجودہ سی ایف او وجے کمار سنگھ اور فائر آفیسر یوگیندر پرساد کو بھی معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی بجلی محکمہ کے تین افسران اسسٹنٹ ڈائریکٹر الیکٹریکل سیفٹی وجے کمار راؤ، انڈر انجینئر آشیش مشرا اور سب ڈویڑنل افسر راجیش مشرا کو بھی معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ایل ڈی اے میں تعینات اس وقت کے افسر مہندر کمار مشرا کیخلاف بھی کارروائی کی گئی ہے اور انہیں بھی معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button