جدہ سے حجاج کرام کو لے کر لوٹے طیارہ کے پہیہ میں آگ، لکھنؤ ایئرپورٹ پر بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچا
حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا، 250 حجاج محفوظ رہے
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اتوار کے روز ایک بڑا فضائی حادثہ اس وقت ٹل گیا جب جدہ سے حجاج کرام کو لے کر لوٹنے والا سعودی عربیہ ایئرلائن کا طیارہ لکھنؤ کے اموسی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران تکنیکی خرابی کا شکار ہو گیا۔ لینڈنگ کے فوراً بعد جب طیارہ ٹیکسی وے کی طرف بڑھ رہا تھا، اس دوران اچانک بائیں پہیہ سے چنگاری اور تیز دھواں نکلنے لگا، جس سے طیارہ میں سوار تقریباً 250 افراد کی جان خطرے میں پڑ گئی۔
خوش قسمتی سے پائلٹ کی حاضر دماغی اور ایئرپورٹ حکام کی فوری کارروائی سے ممکنہ سانحہ ٹل گیا۔ جیسے ہی پہیہ سے دھواں اٹھنے لگا، پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو مطلع کیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور کچھ ہی وقت میں آگ اور دھوئیں پر قابو پا لیا گیا۔
اس واقعے کی ابتدائی جانچ سے معلوم ہوا ہے کہ پہیہ میں چنگاری اور دھوئیں کی وجہ ہائیڈرولک سسٹم میں لیک ہونا تھا۔ ایوی ایشن حکام نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔
سوشل میڈیا پر واقعہ کی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جن میں طیارہ کے پہیہ سے دھواں نکلتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔ اس حادثہ سے جہاں حجاج کرام کے اہل خانہ کو وقتی طور پر گہری تشویش ہوئی، وہیں ایئرپورٹ عملہ کی بروقت کارروائی نے سب کو اطمینان دلایا۔
سعودی ایئرلائن کی پرواز سے واپس آنے والے حاجی اس واقعہ کے بعد پریشان تو ضرور نظر آئے، مگر ان کا کہنا تھا کہ پائلٹ اور عملہ نے حالات کو بخوبی سنبھالا، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
Verified : The Lucknow Airport Saudia Airlines aircraft MLG Wheels smoke incident is on an Airbus A330-343 aircraft, not a Boeing B777 aircraft as being circulated in the social media.
Rather a common occurrence for the hot summer, the Saudia Airlines flight (SV 3112) from… pic.twitter.com/vnb6MAlqxr
— FL360aero (@fl360aero) June 16, 2025



