مدھیہ پردیش : اندور میں دو منزلہ مکان میں زبردست آگ، 7 افراد ہلاک -وزیراعلیٰ نے معاوضے کا کیا اعلان
اندور،07؍مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مدھیہ پردیش کے تجارتی شہر اندور کی سورن باغ کالونی میں لگنے والی خوفناک آگ میں سات افراد زندہ جل گئے۔ کالونی میں دو منزلہ مکان میں آگ لگنے کے بعد راحت اور بچاؤ ٹیموں نے وہاں سے 9 افراد کو بچا لیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جس گھر میں آگ لگی وہ انصار پٹیل کا گھر ہے۔واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کمشنر ہری نارائن چاری مشرا سمیت کئی افسران پولیس فورس کے ساتھ موقع پر موجود تھے ۔ یہ حادثہ ہفتہ کی صبح چار بجے سے پانچ بجے کے درمیان بتایا جا رہا ہے۔ مرنے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
وجے نگر پولیس اسٹیشن کے انچارج تہذیب قاضی کے مطابق آگ سے متاثرہ رہائشی عمارت سے پانچ افراد کو مردہ حالت میں نکالا گیا، جبکہ 11 دیگر کو زخمی حالت میں اسپتال بھیجا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ آگ بجلی کے میٹر میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی اور اس نے پہلے عمارت کی پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو اپنی زد میں لے لیا۔قاضی کے مطابق آگ میں جھلسنے والے زیادہ تر افراد کی موت دھویں سے دم گھٹنے سے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور معاملے کی تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اس واقعہ پر غم کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کے لواحقین کو 4-4 لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے معاملے کی تحقیقات کا حکم بھی دیا ہے۔عمارت کے مالک انصار پٹیل کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 304A کے تحت لاپرواہی سے موت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے کیونکہ عمارت میں فائر سیفٹی کا کوئی سامان نہیں لگایا گیا تھا، جس کاہر منزل پر ایک فلیٹ تھا۔انصار نے فلیٹ کرائے پر دیا تھا۔



