مدھیہ پردیش: ہر طرح کے املاک کو نقصان پہنچانے والوں سے ہوگی تلافی ٔ مافات ، قانون لانے کی تیاری
بھوپال ، 3نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے بدھ کے روز کہا کہ ریاست میں جلد ہی سرکاری اور نجی املاک کے نقصان کی روک تھام اور نقصان کی تلافی ٔ مافات کی وصولی کا قانون لایا جا رہا ہے۔ اس کے تحت سرکاری یا نجی املاک پرسنگ باری کرکے کسی بھی طرح سے نقصان پہنچانے والے سے ہرجانہ وصول کیا جائے گا۔
نقصانات کا تعین جائے حادثہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔فسادیوں، پتھراؤ کرنے والوں اور دوسروں کی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔نروتم مشرا نے صحافیوں کو بتایا کہ قانون کے تحت ایک ٹریبونل تشکیل دیا جائے گا، جو ہرجانے کا فیصلہ کرے گا۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے عہدے کا ایک افسر، آئی جی کے عہدے کا افسر اور ایک ریٹائرڈ سیکرٹری ہوگا۔
اس ٹربیونل کو سول کورٹ کی طرح اختیارات حاصل ہوں گے۔ کلکٹر اس ٹریبونل کو سرکاری املاک کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں مطلع کرے گا۔ اسی طرح اگر کسی کی ذاتی املاک کو نقصان پہنچا ہے، تو وہ بھی ٹریبونل سے رجوع کر سکتا ہے۔
انہیں نقصان کی رپورٹ ٹریبونل کو پیش کرنی ہوگی۔ وزیر داخلہ کے مطابق اس ٹربیونل کے پاس وہی اختیارات ہوں گے، جو لینڈ ریونیو کوڈ کو حاصل ہیں ۔ مقدمات ایک ماہ میں نمٹائے جائیں گے، اس ٹریبونل کے حکم کو براہ راست ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جا سکتا ہے۔



