مہاراشٹرا کے ایوت محل میں دردناک حادثہ،خود کے بنائے ہیلی کاپٹر سے ایک شخص کی موت-ویڈیو
مہاراشٹرا ،12؍اگست :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹرا کے ضلع ایوت محل میں ایک درد ناک حادثے میں ایک شخص خود کے بنائے #ہیلی کاپٹر کی ٹیسٹنگ کے دوران اس کے روٹر بلیڈ سے ٹکرا کر ہلاک ہو گیا۔ یہ حادثہ بدھ کو پیش آیا۔ 29 سالہ اسماعیل شیخ ابراہیم ضلع ایوت محل کے علاقے پھو ل سوانگی میں ویلڈنگ اور فیبریکیشن کا کام کرتا تھا ۔ ابراہیم جس نے کلاس ہشتم پڑھائی کی ہے ، حال ہی میں ان کوہیلی کاپٹر بنانے کا شوق ہوا تھا۔
اس نے اپنے ہیلی کاپٹر کا نام’منا ہیلی کاپٹر‘ رکھا اور وہ اسے گزشتہ دو سال سے بنا رہا تھا۔ایوت محل کے ایس پی دلیپ پاٹل بھوجبل نے کہاکہ بدھ کے روز جب #ابراہیم نے اس کا ٹرائل رن کرنا چاہا تو انجن اسٹارٹ کرتے ہوئے اس کا ایک روٹر #بلیڈ ٹوٹ گیا اور اس کے سر سے ٹکرا گیا، جس کی وجہ سے ابراہیم موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابراہیم روزی کے لیے #ویلڈنگ اور فیبریکیشن کا کام کرتا تھا، جبکہ وہ رات کو اس ہیلی #کاپٹر پر کام کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق ابراہیم اپنے دوستوں کو بتاتا تھا کہ ہیلی کاپٹر #کروڑوں رو پئے میں فروخت ہوتے ہیں اور صرف امیر لوگ انہیں اڑاسکتے ہیں۔ #ابراہیم صرف 30 لاکھ روپئے میں یہ ہیلی کاپٹر تیار کرنا چاہتے تھے تاکہ متوسط طبقے کے لوگ بھی خرید سکیں۔ اس کے علاوہ وہ قدرتی آفات کے دوران بھی استعمال کیا جاسکے۔ پولیس نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ ابراہیم نے اس ہیلی کاپٹر میں ماروتی 800 کا استعمال کیا تھا۔
نیز اس نے اس کے دیگر پرزے اسکریپ کے سامان سے بنائے تھے جو اس نے ایک مقامی اسکریپ شاپ سے خریدا تھا۔پشاد شہر کے ایک تاجر خورشید اکرم نے کہاکہ ابراہیم اکثر ذکر کرتا تھا کہ وہ اس ہیلی کاپٹر کو’میک ان انڈیا‘ مہم کے حصے کے طور پر قوم کے لیے وقف کریں گے۔ اس ہیلی کاپٹر میں اس کا سلوگن بھی لکھا ہواتھا۔



