مہاراشٹرامیں 15 فروری سے کھلیں گے کالجس
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن) ریاست کے اعلی اور تکنیکی تعلیم کے وزیر ادے سامنت نے مطلع کیا ہے کہ 15 فروری سے مہاراشٹرا میں کالج دوبارہ کھولے جائیں گے۔ کالجوں کو کورونا قوانین کے مطابق 50 فیصد کی گنجائش کے ساتھ کھولے جائیں گے۔ وزیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ اس سال کالجوں کے طلباء کے لئے کم سے کم 75فیصد حاضری کے اصول کو ختم کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ تمام ہاسٹل 15 فروری سے دوبارہ کھل نہیں سکتے ہیں ، کیونکہ ان میں سے کچھ کالجوں کو قرنطین سینٹر کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔طلباء اور اسٹاف کو کیمپس کے اندر چہرے پرماسک پہننا ضروری ہوگا اور معاشرتی دوری کے قواعد کو برقرار رکھنا ہوگا۔ یونیورسٹیوں اور کالجوں کو کیمپس کے اندر سینیٹائزر فراہم کرنے ہوں گے۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر مارچ 2020 سے کالج اور یونیورسٹی کے طلباء کے لئے آن لائن کلاسز کا انعقاد کررہا ہے۔
مہاراشٹرا حکومت نے قبل ازیں متعلقہ علاقوں کی صورتحال پر منحصر پانچویں سے آٹھویں جماعتوں کے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ اسکول 27 جنوری سے تھانے میں دوبارہ کھول دیئے گئے تھے۔ حکومت نے ابھی تک کلاس 1 سے 4 کے لیے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔




