بین ریاستی خبریں

مہاراشٹر حکومت نے سرکاری ملازمین کے جینز اور ٹی شرٹ پہننے پر پابندی عائد کی

ممبئی (11 دسمبر، ایجنسیاں) — مہاراشٹر حکومت نے جمعہ کے روز ریاستی صدر دفتر منترالیہ اور دیگر تمام سرکاری دفاتر میں ملازمین کی جانب سے ٹی شرٹ اور جینز پہننے پر پابندی عائد کردی ہے۔

حکومت نے اپنے حکم نامے میں واضح کیا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین اور کنٹریکٹ عملہ کو مناسب رسمی اور پیشہ ورانہ لباس زیب تن کرنا ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد عوام کے درمیان سرکاری ملازمین کی مثبت شبیہ برقرار رکھنا ہے۔

حکومت کے مطابق یہ بات مشاہدے میں آئی کہ کئی افسران اور کنٹریکٹ کی بنیاد پر کام کرنے والے ملازمین دفتری اوقات کے دوران غیر رسمی لباس جیسے جینز اور ٹی شرٹ پہنتے ہیں، جو ان کے عہدے اور سرکاری ذمہ داریوں کے شایانِ شان نہیں۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ اس قسم کا غیر رسمی لباس دفتر کے ماحول اور عوامی تاثر پر منفی اثر ڈالتا ہے۔ اس لیے تمام ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پیشہ ورانہ، صاف ستھرا اور رسمی لباس پہن کر دفتر آئیں تاکہ سرکاری اداروں کا وقار برقرار رہے۔

یہ نیا ڈریس کوڈ رول فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button