بین ریاستی خبریں

 مہاراشٹرا:انکم ٹیکس کا چھاپہ، دوسوکروڑ کے غیر اعلانیہ مالی لین دین کا انکشاف

نئی دہلی ،28 دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) محکمہ انکم ٹیکس نے مہاراشٹر کے دو تاجر گروپوں کے ناندوربار، دھلے اور ناسک واقع ٹھکانوں پرچھاپے مارکر پانچ کروڑروپے سے زیادہ کی نقدی اور5 کروڑ روپے مالیت کے زیورات ضبط کیے ہیں، وہیں 200 کروڑ روپے کے غیراعلانیہ لین دین کا انکشاف بھی ہوا ہے ۔محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چھاپوں میں ان فرموں کے یہاں تعمیراتی کام کے ٹھیکوں اور زمینوں کی خریدوفروخت اور قرضوں کے کل 200 کروڑ روپے کے غیر اعلانیہ لین دین کے کاغذات، دستاویزی اور ڈیجیٹل ثبوت ملے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 22 دسمبر کو مہاراشٹرا کے ناندربار اور دھلے اضلاع میں دو کاروباری گھرانوں کے 25 مقامات پر چھاپے اور تلاشی کی یہ کارروائی کی گئی۔ ان میں سے ایک گروپ تعمیراتی کام اور دوسرا زمین وجائیداد کے کاروبار سے وابستہ ہے۔
بیان کے مطابق، ان میں سے ایک گروپ کی فرموں نے انکم ٹیکس اہل آمدنی کو بڑے پیمانے پر چھپانے کے ہتھکنڈے اختیارکئے ہیں۔ اس کے لیے خاندان کے افراد اور ملازمین کو ذیلی کنٹریکٹرز اور غیر تصدیق شدہ قرض دہندگان کو مشکوک ادائیگی جیسے طریقے اپنائے گئے۔
تفتیشی افسران کو معلوم ہوا کہ یہ ذیلی ٹھیکے اہل خانہ اور ملازمین کو دیئے گئے ہیں۔ ان سے بغیر ریکارڈ کے نقد خرچ کے ثبوت بھی ملے ہیں۔ ان طریقوں سے تعمیراتی کام میں مصروف اس گروپ کی فرموں کی طرف سے 150 کروڑ روپے کی آمدنی چھپانے کا پتہ چلا ہے۔اسی طرح کارروائی میں یہ پتہ چلا ہے کہ رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرنے والا دوسرا گروپ زمین کے سودے کا بڑا حصہ نقدی میں کرتا رہا ہے۔
اس کے ٹھکانوں سے زمین اور قرض کے کل 52 کروڑ روپے کے غیر قانونی طریقے سے لین دین کے ثبوت ملے ہیں۔محکمہ کے مطابق اس کارروائی میں اب تک پانچ کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی اور پانچ کروڑ روپے سے زیادہ کے زیورات ضبط کیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button