مہاراشٹر:عید میلاد النبیؐ کا جلوس 8 ستمبر کو، گنپتی وسرجن کے باعث موخر، تعطیل کا مطالبہ
مسلم برادری نے اتحاد و ہم آہنگی کے پیش نظر جلوس کی تاریخ میں تبدیلی کی
ممبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مہاراشٹر میں اس سال عید میلاد النبیؐ کا مرکزی جلوس 8 ستمبر کو نکالا جائے گا۔ دراصل 6 ستمبر کو اننت چترتھی پر گنپتی وسرجن کے سبب مسلم برادری نے اتحاد و ہم آہنگی کے پیش نظر جلوس کی تاریخ میں تبدیلی کی ہے۔
سماج وادی پارٹی کے رہنما ابو عاصم اعظمی نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس سے اپیل کی ہے کہ 8 ستمبر کو سرکاری تعطیل کا اعلان کیا جائے تاکہ مسلم سماج کے جذبات کا احترام کیا جا سکے۔
اس سال عید میلاد النبیؐ 5 ستمبر کو منائی جائے گی، جبکہ مرکزی جلوس کی روایت 6 ستمبر کو تھی۔ لیکن اُسی دن گنیش وسرجن بھی ہونے کی وجہ سے آل انڈیا خلافت کمیٹی نے جلوس کو 8 ستمبر تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔
ابو اعظمی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر کہا:”اس سال 6 ستمبر کو گنیش وسرجن اور عید میلاد کا جلوس ایک ساتھ پڑ رہا ہے۔ ہندو مسلم اتحاد اور بھائی چارہ قائم رکھنے کے لیے مسلم برادری نے فیصلہ کیا ہے کہ مرکزی جلوس 8 ستمبر کو نکالا جائے۔ لیکن حکومت نے ابھی تک اس دن کو عام تعطیل قرار نہیں دیا ہے۔ ہم وزیر اعلیٰ سے گزارش کرتے ہیں کہ 8 ستمبر کو سرکاری چھٹی کا اعلان کریں۔”
آل انڈیا خلافت کمیٹی کے صدر سرفراز ارزو نے کہا کہ یہ موقع خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی 1500 ویں سالگرہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ:
"یہ مسلسل تیسرا سال ہے جب عید میلاد اور گنیش وسرجن ایک ساتھ آرہے ہیں۔ ہم نے پچھلی بار کی طرح اس بار بھی جلوس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ دونوں تہوار امن و خوشی کے ساتھ مکمل ہوں۔”
مسلم تنظیموں اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے حکومت پر زور دیا جا رہا ہے کہ 8 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کیا جائے تاکہ لاکھوں افراد اطمینان سے جلوس میں شریک ہو سکیں۔



