دانتوں میں ٹھنڈا گرم لگنے کی اہم وجوہات
ٹوتھ پیسٹ کا انتخاب اپنے ڈینٹسٹ کے مشورے سے کیجیے۔
دانتوں میں ٹھنڈا گرم لگنا ایک عام صور تحال ہے جس سے ہر کوئی متاثر نظر آتا ہے۔ ہماری خوراک اور روز مرہ عادات دانتوں کی صحت پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ درج ذیل بظاہر بے ضرر عادات دانتوں میں ٹھنڈا گرم لگنے کا باعث بن سکتی ہیں۔
اگر آپ دن میں کئی بار مائوتھ واش کا استعمال کرتے ہیں تو یہ عادت ترک کردیجئے۔ مائوتھ واش میں شامل تیزاب سینسٹیو یٹی کا باعث بن سکتے ہیں اور پہلے سے متاثرہ دانتوں کی تکلیف میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔ کبھی کبھی دانتوں میں حساسیت کی وجہ بہت زیادہ قوت سے برش کرنا بھی ہو سکتا ہے۔ یاد رکھیں کہ دانت اگرچہ ایک مضبوط عضو ہے لیکن مسوڑے انتہائی نرم و نازک ہوتے ہیں۔ بہت زیادہ زور سے برش کرتے رہنے سے دانتوں کی اوپری سطح متاثر ہو سکتی ہے۔
یہی وجہ دانتوں کے اعصاب کو بھی بے نقاب کر سکتی ہے جو کہ دانتوں میں ٹھنڈا گرم لگنے کا باعث بنتا ہے۔ غصے میں یا عاد تادانت پیسنے والے افراد دانتوں میں حساسیت کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اگرچہ دانت جسم کا مضبوط ترین حصہ ہیں لیکن مسلسل رگڑنے سے ان کے نقصان کا اندیشہ بہر حال باقی رہتا ہے۔
اگر آپ ایسے کیمیکل استعمال کرتے ہیں جو دانتوں کو سفید کرتے ہیں تو آپ حساسیت کا شکار ہوسکتے ہیں۔ بعض ٹو تھ پیسٹ بھی ایسے اجزا پر مشتمل ہوتے ہیں۔ اگر آپ کو دانتوں میں ٹھنڈا گرم لگنے کی شکایت ہے تو ٹوتھ پیسٹ کا انتخاب اپنے ڈینٹسٹ کے مشورے سے کیجیے۔ اس کے علاوہ اپنی خوراک میں تیزابیت پیدا کرنے والی چیزوں کا کم استعمال، دانتوں کی صفائی اور منہ کی بیماریوں کا بروقت علاج آپ کو دانتوں کی حساسیت سے محفوظ رکھتا ہے۔



