
ہنوئے:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ویتنام میں ایک شخص کو کورونا وائرس پھیلانے پر پانچ سال کی قید سنائی گئی ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لی وان ٹری Le Van Tri نامی شخص نے گھر میں قرنطینہ کرنے کے قانون کی خلاف ورزی کی جس کے بعد انہیں ’لوگوں میں خطرناک بیماریاں‘ پھیلانے پر سزا سنائی گئی ہے
ویتنام میں صوبائی پیپلز کورٹ کی ویب سائٹ پر موجود رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ شخص ملک میں کورونا وائرس کے گڑھ ہو چی من سٹی سے اپنے آبائی صوبے کا ماؤ (province Ca Mau) گیا، جس کی وجہ سے وہ کورونا وائرس مزید پھیلنے کی وجہ بنا۔کا ماؤ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ہو چی من سٹی کے مقابلے میں کم ہے اور صوبے میں 21 دن تک گھر میں قرنطینہ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
تاہم 28 سالہ مذکورہ شخص نے اس قانون کی خلاف ورزی کی۔لی وان ٹری میں کورونا وائرس کی تصدیق 7 جولائی کو ہوئی۔عدالتی رپورٹ کے مطابق ’ٹری نے گھر میں قرنطینہ کرنے کے طبی قانون کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے کئی لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے اور 7 اگست 2021 کو ایک شخص کا انتقال بھی ہوا۔سرکاری میڈیا کے مطابق ٹری کی وجہ سے آٹھ لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔
ویتنام میں گذشتہ سال کورونا وائرس کی کسیز کی تعداد کم تھی، تاہم ملک میں اب اس وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوگا ہے۔ ویتنام میں اب تک پانچ لاکھ 40 ہزار افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملک میں اس وبا کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار ہے۔سب سے زیادہ کیسز اور اموات رواں سال اپریل کے آخر سے سامنے آنا شروع ہوئے ہیں۔
| اردودنیا ایپ انسٹال کے لیے کلک کریں |
ویتنام کے دارالحکومت ہنوئے اور ہو چی من سٹی میں گذشتہ کئی مہینوں سے سخت لاک ڈاؤن لگا ہوا ہے۔ملک میں کئی لوگوں کو کورونا وائرس پھیلانے پر سزا سنائی گئی ہے۔جولائی میں ایک 32 سالہ شخص کو ویتنام کے شہر ہائی ژونگ میں 18 ماہ کی قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ویتنام ایئرلائنز کے ایک فلائٹ اٹنڈنٹ کو مارچ میں اسی وجہ سے دو سال کی قید سنائی گئی تھی۔
Join Urdu Duniya WhatsApp Group.



