شوہر نے اپنی بیوی، 2 بچوں کو کلہاڑی سے مار کرنعشیں گھر میں دفن کر دی، 2 ماہ بعد پکڑا گیا
گھر کے سامنے برآمدے میں گڑھا کھود کرنعشوں کو کلہاڑی کے ساتھ دفن کر دیا۔
مدھیہ پردیش :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) مدھیہ پردیش کے رتلام میں ایک شخص پر اپنی بیوی، سات سالہ بیٹے اور چار سالہ بیٹی کو قتل کرنے کا الزام ہے۔رتلام کنیری مارگ پر شہر سے تقریباً پانچ کلومیٹر دور وِندھیا واسینی کالونی میں رہنے والے 32 سالہ دوسری بیوی نشاء، 7 سالہ بیٹے امان اور ایک 4 سالہ بیٹی خوشی کو ایک ریلوے ورکر (گینگ مین) نے قتل کر دیا۔ گھر کے سامنے برآمدے میں گڑھا کھود کرنعشوں کو کلہاڑی کے ساتھ دفن کر دیا۔
پولس کے مطابق مرکزی ملزم راجیش تلواڑی عرف سونو (33) کھچروڈ میں وندھیا واسینی کالونی ریلوے میں گینگ مین کے طور پر تعینات ہے۔ اس کی پہلی بیوی سے نان نفقہ کا معاملہ عدالت میں چل رہا ہے۔نشا اور سونو کی شادی 2014 میں ہوئی تھی حالانکہ اس نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق نہیں دی تھی۔سونو اپنی دوسری بیوی نشاء، سات سالہ بیٹے امان اور چار سالہ بیٹی( خوشی) کے ساتھ رہ رہا تھا۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ نشاء اور اس کے بچے تقریباً ڈیڑھ ماہ سے نظر نہیں آرہے ہیں۔ ملزم سونو نے کچھ دن پہلے گھر کے باہر گڑھا بھی کھودا تھا۔ اتوار کی صبح جب پولیس نے ملزم سونو کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو اس نے دوست بنٹی کیتھواس کی مدد سے قتل کر کے نعش برآمدہ میں دفن کرنے کا انکشاف کیا۔
پولیس نے 22 جنوری، اتوار کی شام کو ڈاکٹروں اور فرانزک ماہرین کی موجودگی میں نعشوں کو نکالا۔۔ایس پی ابھیشیک تیواری، ایف ایس ایل آفیسر ڈاکٹر اتل متل، سی ایس پی ہیمنت چوہان، دین دیال نگر تھانہ انچارج دیپک منڈلوئی، ایگزیکٹیو مجسٹریٹ اور میڈیکل کالج کی فرانزک ٹیم موقع واردات پر پہنچ گئی تھی۔ موقع پر تقریباً چار فٹ کھدائی کے بعد شام ساڑھے پانچ بجے نشاء، اس کے بیٹے امان اور بیٹی خوشی کی نعشیں نکالی۔
رتلام کے ایس پی تیواری نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی پوچھ گچھ میں سونو نے بتایا کے اس نے اپنی پہلی بیوی سے 10 سال پہلے علیحدگی اختیار کی تھی۔ اس نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دیئے بغیر نشا سے شادی کی۔ نشا اس پر اپنی پہلی بیوی کو طلاق دینے کے لیے دباؤ ڈال رہی تھی۔ اس بات پر جوڑے میں جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ دسمبر کے پہلے ہفتے میں، جوڑے کی ایک اور لڑائی ہوئی جس کے بعد سونو نے پہلے نشا کو کلہاڑی سے اور بعد میں اپنے بچوں کو قتل کر دیا۔ اس کے بعد نعشیں گھر میں رکھ دی گئیں۔ بعد ازاں مزدوروں کو بلانے کے بعد انہوں نے برآمدے میں گڑھا کھود کر کہا کہ پانی کی ٹینکی بنانا ہے۔ دوسرے دن دوست بنٹی کو اطلاع دی۔ بنٹی گھر پہنچا اور پھر دونوں نے نعشیں گڑھے میں دفن کر دیں۔ ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرایا جائے گا۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں نے شادی کرنے کے لیے اسلام قبول کیا۔ریلوے میں ملازمت کرنے والے ملزم کا نام سونو عرف سلمان ولد راجیش شیخ عرف رحمت علی ہے۔ پولیس اب ملزم کے اصل نام کی بھی تفتیش کر رہی ہے۔ سونو تلواری کا نام ڈرائیونگ لائسنس پر درج ہے۔



