منیش سیسودیا کی گرفتاری: ضمانت پر سماعت 21 مارچ تک ملتوی، 7 دنوں کے ای ڈی ریمانڈ پر بھیجے گئے
دہلی آبکاری گھوٹالہ معاملہ میں سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا کو آج ایک بار پھر مایوسی ہاتھ لگی
نئی دہلی ، 10مارچ :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) دہلی آبکاری گھوٹالہ معاملہ میں سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا کو آج ایک بار پھر مایوسی ہاتھ لگی جب عدالت نے انھیں 7 دنوں کے لیے ای ڈی ریمانڈ پر بھیجنے کا حکم سنا دیا۔ ای ڈی نے سماعت کے دوران سیسودیا کی 10 دنوں کی حراست کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ گھوٹالہ آبکاری پالیسی کا مسودہ تیار کرنے کے ساتھ ہی شروع ہو گیا تھا جسے سیسودیا اور دیگر نے بنایا تھا۔ اس دوران سیسودیا کے وکیل نے ای ڈی کی شدید مخالفت کی، لیکن را ؤز ایونیو کورٹ نے انھیں 7 دنوں کے لیے ای ڈی کے حوالے کر دیا۔یہاں قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی نے بھی سیسودیا کو آبکاری پالیسی گھوٹالہ معاملے میں گرفتار کیا تھا اور اس سلسلے میں سیسودیا نے ضمانت کی عرضی داخل کر رکھی ہے۔ حالانکہ عدالت نے سیسودیا کی ضمانت پر سماعت آئندہ 21 مارچ تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔
سی بی آئی نے سیسودیا کو 26 فروری کو ہی گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد ای ڈی نے اسی سے جڑے منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں تہاڑ جیل میں سیسودیا سے پوچھ تاچھ کی اور 9 مارچ کو انھیں گرفتار کر لیا۔ای ڈی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ منیش سسودیا کے خلاف گواہ اور دیگر ثبوت موجود ہیں۔ سیسودیا منی لانڈرنگ معاملے سے متعلق گٹھ جوڑ کا حصہ تھے۔ ای ڈی نے دعویٰ کیا کہ سیسودیا نے فون سے دوسرے ثبوت ختم کر دیے ہیں۔ پھر انھوں نے دوسرے کے ذریعہ خریدے گئے فون کا استعمال کیا۔ ہمیں بار بار غلط بیان دیے۔ ایسے میں پوری سازش کا پردہ فاش کرنے کے لیے سیسودیا کا دیگر لوگوں سے آمنا سامنا کرانا ہوگا۔ اس پر سیسودیا کے وکیل نے کہا کہ پالیسی بنانا ایگزیکٹیو کا کام ہے، جسے کئی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔



