مانو نے ترکیہ سے مفاہمتی یادداشت منسوخ کر دی
مانو یونیورسٹی اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے درمیان یادداشت مفاہمت کی منسوخی
حیدرآباد، 15 مئی (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) نے ترکیہ کے معروف ثقافتی ادارے یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ دستخط شدہ یادداشت مفاہمت (MoU) کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ حالیہ دنوں میں پاکستان کی دہشت گردانہ کارروائیوں پر ترکیہ کی حمایت کے خلاف بطور احتجاج کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 2 جنوری 2024 کو مانو اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے درمیان پانچ سالہ یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے تھے، جس کے تحت اسکول برائے السنہ، لسانیات اور ہندوستانیات میں ترکی زبان میں ڈپلومہ کورس کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس کورس کے لیے ترکیہ سے ایک وزیٹنگ پروفیسر کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں۔
یونیورسٹی ذرائع کے مطابق، ترکیہ کے وزیٹنگ پروفیسر پہلے ہی اپنے وطن واپس جاچکے ہیں، اور موجودہ حالات کے پیش نظر تمام تعلیمی سرگرمیاں فوری طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔
مانو کے اس فیصلے کو ترکیہ کی پالیسیوں کے خلاف سخت پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ہند-پاک تعلقات ایک نازک مرحلے سے گزر رہے ہیں اور بین الاقوامی برادری میں دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ موقف اختیار کیا جا رہا ہے



