
متھرا کے پانڈے کا کرتوت: طالبہ کے ساتھ کی ہوس پوری ، حمل ٹھہرایا، پھر مارکے بھگایا، ملزم کیخلاف مقدمہ
بھوپال، 19اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوپی کے متھرا میں مدھیہ پردیش کے بھوپال سے تعلق رکھنے والی طالبہ کی عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ معلومات کے مطابق طالبہ اکتوبر میں اپنی ماں کے ساتھ گووردھن پہاڑ کے درشن کو گئی تھی۔ اس دوران اس کی ملاقات وہاں ایک پانڈے سے ہوئی۔
پانڈے نے لڑکی کو محبت کے جال میں پھانس لیا اور بعد میں لڑکی کو متھرا لے گیا۔ پانڈے نے متھرا میں ہی طالبہ کو 4 ماہ تک اپنے ساتھ رکھا۔ اس دوران وہ طالبہ کو مختلف مقامات پر لے گیا اور اس کے ساتھ جسمانی عیش کئے ۔لڑکی کے حاملہ ہونے پر پانڈے نے اسے مارا پیٹا اور وہاں سے باہر نکال دیا۔
عصمت دری کا شکار اور اپنی عفت لٹ جانے کے بعد طالبہ نے یوپی پولیس میں شکایت درج کرانے کی کوشش کی لیکن الزام یہ ہے کہ متعلقہ تھانہ کی پولیس نے پانڈے کے خلاف شکایت درج کرنے سے انکار کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ پانڈوں کے خلاف شکایت درج نہیں کی جا سکتی۔
بعد میں متاثرہ لڑکی بھوپال آئی اور نشاط پورہ تھانے میں عصمت دری کا مقدمہ درج کرایا۔ متاثرہ طالبہ 3 ماہ کی حاملہ ہے، اس نے پانڈے اور اس کے کزن پر اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ 23 سالہ متاثرہ لڑکی بھوپال کے کروند کی رہنے والی ہے۔ وہ آخری سال کی گریجویٹ طالبہ ہے۔
متاثرہ کے مطابق جب طالبہ نے پانڈے منوج پر شادی کے لیے دباؤ ڈالا تو اس نے اسے مار پیٹ کر گھر سے بھگا دیا۔جنوری میں بیٹی کے اچانک لاپتہ ہونے کے بعد لڑکی کے والد نے نشاط پورہ پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی۔
اس وقت متاثرہ نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ پانڈے منوج سے شادی کرنا چاہتی تھی اور اس کی رضامندی سے اس کے ساتھ رہ رہی تھی۔ پولیس نے اس دوران اس کے والد کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی کیونکہ لڑکی بالغ تھی۔ فی الحال پولیس نے طالبہ کے الزام پر پانڈے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔



