سرورققومی خبریں

آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے صدر مولانا رابع حسنی ندوی کا انتقال

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا محمد رابع حسنی ندوی کا جمعرات کو انتقال ہوگیا۔

نئی دہلی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)معروف عالم دین، درالعلوم ندوۃ العلماء کے ناظم و آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا رابع حسنی ندوی کا آج لمبی علالت کے بعد انتقال ہوگیا ۔مولانا 94برس کے تھے۔مولانا کے انتقال سے عالم اسلام میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور پورا ماحول سوگوا ر ہے ۔مولانا گذشتہ 21سالوں سے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر تھے۔ ایک ممتاز عالم دین، عربی اور اردو زبانوں میں تقریباً 30 کتابوں کے مصنف، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر کے ساتھ دار العلوم ندوۃ العلماء کے ناظم اور اسلامک فقہ اکیڈمی، انڈیا کے صدر تھے۔ وہ عالمی ربطہ ادب اسلامی، ریاض کے نائب صدر اور رابطہ عالم اسلامی کے رکن تاسیسی بھی تھے۔ ان کا شمار دنیا کے 500 انتہائی بااثر مسلم شخصیات میں ہوتا تھا۔مولانا محمد رابع حسنی ندوی کی ولادت اترپردیش کے ضلع رائے بریلی کے تکیہ کلاں کے ایک مشہور علمی، دینی اور دعوتی خانوادہ میں یکم اکتوبر 1929 کو ہوئی تھی۔ آپ کے والد کا نام سید رشید احمد حسنی تھا، ابتدائی تعلیم اپنے خاندانی مکتب رائے بریلی میں ہی مکمل کی، اس کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے دارالعلوم ندوۃ العلماء میں داخل ہوئے جہاں سے 1948 میں فضیلت کی سند حاصل کی۔

مولانا نے فقہ، تفسیر، حدیث اور بعض فنون کی کتابیں پر دسترس کے لئے دارالعلوم دیوبند میں بھی ایک سال گزارا۔ 1949سے دارالعلوم ندوۃ العلماء میں بحیثیت معاون مدرس کے ملازمت اختیار کرلی۔ 1950 سے 1951 کے درمیان حصولِ تعلیم کے سلسلے میں حجاز میں بھی قیام کیا۔آپ کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں آپ کو صوبائی وقومی اعزازات سے بھی نوازا گیا ہے۔سید محمد رابع حسنی ندوی کی تاحال عربی زبان میں 15 کتابیں اور اردو میں 12 کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کا انتقال ملت اسلامیہ ہند کے لئے ایک عظیم سانحہ ہے۔ ان کا الفاظ کا اظہار مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلس عاملہ کے رکن اور ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک پریس بیان میں کیا۔ڈاکٹر الیاس نے کہا اس وقت جب کہ ملک انتہائی نازک حالات سے گزر رہا ہے اور ملت اسلامیہ ہند پر چاروں طرف سے یلغار ہورہی ہے، مولانا کا ہمارے درمیان سے گزر جانا ایک سانحہ عظیم ہے۔ بورڈ کے سابق صدر مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی صاحب کے انتقال کے بعد سے مولانا رابع صاحب بورڈ کے صدر چلے آرہے تھے۔آپ کا اچانک انتقال بالخصوص مسلم پرسنل لا بورڈ اور بالعموم پوری ملت اسلامیہ ہند کے لئے ایک نا قابل تلافی نقصان ہے۔وہیں جماعت اسلامی ہند یوپی مشرق کے امیر حلقہ ڈاکٹر ملک محمد فیصل فلاحی نے مولانا کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا شفقت و محبت، عاجزی و انکساری، اتحاد و اتفاق اور بردباری و تحمل کا عملی نمونہ تھے۔

لواحقین کے سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے امیر حلقہ نے کہا کہ جماعت اسلامی غم کی اس گھڑی میں مغموم اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ اللہ رب العالمین سے دعا گو ہوں کہ اللہ اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ملک فیصل فلاحی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مولانا رابع حسنی ندوی کے رخصت ہونے سے جو خلا پیدا ہوئی ہے اس کا نعم البدل انتہائی مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی سربراہی میں مسلم پرسنل لاز کے تحفظ کے لیے جو کام ہو رہے تھے، وہ انتہائی اہم تھے۔ ملک کی موجودہ صورتحال میں مولانا کا ہم سے رخصت ہوجانا ایک عظیم خسارہ ہے۔وہیں ذرائع نے یہ خبر دی ہے کہ مولانا رابع حسنی کی تدفین آج عمل میں آئے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button