مکہ مکرمہ میں حج قوانین کی خلاف ورزی پر 42 افراد گرفتار
سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے غیرقانونی طور پر مقیم 42 افراد کو گرفتار کر لیا
مکہ مکرمہ، 6؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سعودی عرب کی حج سکیورٹی فورسز نے مکہ مکرمہ کے علاقے ہجرہ میں غیرقانونی طور پر مقیم 42 غیرملکی افراد کو گرفتار کر لیا۔ یہ افراد مختلف اقسام کے وزٹ ویزوں پر سعودی عرب میں موجود تھے اور حج کے ضوابط کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہے تھے۔ سعودی حکام کے مطابق ان افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ ان افراد کو پناہ دینے والے عناصر کی تلاش بھی کی جا رہی ہے تاکہ انہیں قانون کے مطابق سزا دی جا سکے۔ سعودی حکام نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ حج صرف ان افراد کے لیے ہے جو باقاعدہ حج ویزا یا اجازت نامے کے تحت سعودی عرب میں موجود ہوں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ حج کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ ان گرفتاریوں کو سعودی عرب کے حج انتظامات میں بہتری اور قانون کی حکمرانی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔



