
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مرکزی وزارت صحت نے بدھ کے روز ویکسین مہم پرمیڈیا رپورٹس کوبے بنیاد قرار دیاہے۔یکم جون کی صبح 7 بجے تک دستیاب وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق یکم سے 31 مئی تک ریاستوں اور مرکزکے زیرانتظام خطوں میں 6.10 کروڑ ویکسین دی گئی۔وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریاستوں کے پاس کل 1.62 کروڑ ویکسین باقی ہیں اور ان کا استعمال نہیں کیاگیا ہے۔
یکم سے 31 مئی تک کل 7.94 کروڑ ٹیکے دستیاب تھے۔مرکز 16 جنوری سے ریاستوں میں حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے لیے کوششوں کی حمایت کر رہا ہے۔ویکسینوں کی دستیابی کو برقرار رکھنے کے لیے مرکز ویکسین تیار کرنے والوں کے ساتھ مستقل رابطے میں ہے اور یکم مئی سے ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام خطوں کے لیے بھی خریداری کے مختلف آپشن متعارف کرائے ہیں۔وزارت نے کہاہے کہ بہت ساری غیر مصدقہ اطلاعات میڈیا میں آرہی ہیں جس میں عوام کو غلط معلومات دی گئی ہیں۔



