صحت اور سائنس کی دنیاگوشہ خواتین و اطفال

ضروری ہدایات,ماؤں اور شیر خوار بچوں سے متعلق طبی مشورے

ڈاکٹر رحمت اللہ حمیدی قاسمی رحمت کلینک بنگلور

ماں کا دودھ بچوں کے لئے قدرت کا ایک عظیم تحفہ ہے۔ اس میں وہ تمام اجزاء موجود ہوتے ہیں جو بچوں کی نشوو نما کے لئے ضروری ہیں۔ کچھ خواتین یہ سمجھتی ہیں کہ بچوں کو دودھ پلانے سے وہ کمزور ہو جائیں گی تو یہ رجحان غلط ہے۔ دودھ پلانے سے عورت خود کئی طرح کی بیماریوں سے محفوظ رہتی ہے جیسے کہ چھاتیوں کا کینسر، بلڈ پریشر وغیرہ۔

ماں کا دودھ بچوں کے لئے اکسیر ہوتا ہے۔ دودھ پلانے والی ماؤں کو سبزیاں، دودھ، پھل اور مغزیات کا استعمال کرنا چاہئے۔ ہری سبزیوں سے جہاں انہیں وٹامن بی و فولک ایسڈ ملتا ہے وہیں بروکلی، لال شملہ مرچ، مالٹا اور اناس وغیرہ سے وٹامن سی ملتا ہے۔ اسی طرح دودھ، انڈے، مچھلی سے پروٹین تو سیب کیلا، ناشپاتی سے آئرن ملتا ہے۔ کا جو، بادام، پستہ، اخروٹ جسم میں حرارت اور توانائی پیدا کرتے ہیں جس کے استعمال سے تھکن اور کمزوری کا احساس نہیں رہتا۔ اسی طرح گھی مکھن کے ساتھ سونٹھ، گوند، میتھی، دلیہ وغیرہ کا استعمال کر کے جسمانی کمزوری کو دور کیا جا سکتا ہے۔

اس کے ساتھ اہم بات یہ بھی ہے کہ مائیں اپنے کھانے پینے کے اوقات کی پابندی کا خاص خیال رکھیں۔ مقررہ وقت پر کھانے سے بچوں میں بد ہضمی، قے اور دست وغیرہ کی شکایت نہیں رہتی۔ بعض خواتین دودھ کی کمی کا شکار ہوتی ہیں۔ ایسے میں بچوں کو اوپر کا دودھ یعنی گائے یا پاؤڈر کا دودھ دیا جاتا ہے۔ اس میں بھی چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ بچوں کو دیئے جانے والے دودھ اور پانی کا تناسب میزان شدہ ہو۔ ہر دوسری فیڈ نگ کے درمیان ایک سے دو گھنٹے کا وقفہ رکھنا ضروری ہے۔ بچے کو بھوک لگنے پر ہی دودھ دیا جائے۔ فیڈ نگ بوتل اور نپل کو دن میں کم از کم دو بار اُبلتے ہوئے پانی سے دھوئیں۔

اس کے علاوہ ڈاکٹرز کے کہنے کے مطابق بچوں کو صحیح وقت پر ٹیکہ لگوائیں۔ عام طور پر بچے کی پیدائش کے 15 دنوں میں بی سی جی، او پی وی اور ہیپاٹائٹس بی وغیر ہ دیا جاتا ہے۔ بعض لوگ نوزائیدہ کی مالش بھی کرواتے ہیں۔ مالش کرواتے وقت بھی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ بچوں کی ہڈیاں نرم و ملائم ہوتی ہے۔ اُن پر زور سے رگڑ ہڈی کے ساتھ ساتھ جلد کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔ ہڈیوں کی مضبوطی کیلئے مائیں ایسی قوی غذائیں کھائیں جو نہ صرف بچوں کے لئے بلکہ ان کے لئے بھی مفید ہوں۔ بار بار اور لگاتار کھانے سے بچوں میں بھی بد ہضمی اور کھٹی ڈکاریں جیسی شکایتیں پیدا ہو سکتی ہیں۔

بچوں کی ذہنی و جسمانی بالیدگی کے لئے ماں کا دودھ کار آمد ہوتا ہے۔ یہ غذائیت سے بھر پور ہوتا ہے۔ اس سے بچوں کی ہڈیوں کو طاقت و توانائی ملتی ہے۔ زود ہضم ہونے کی وجہ سے بچوں کو بادی اور قبض کی شکایت نہیں رہتی۔ اس میں بیماریوں سے بچاؤ کی طاقت بھی زیادہ ہوتی ہے۔ بچے کی پیدائش کے بعد ماں کے دودھ میں پروٹین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ یہ دودھ بچوں کیلئے بیحد مفید ہوتا ہے۔ بچوں کی تندرستی کے لئے ضروری ہے کہ مائیں خود بھی اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ ماں صحتمند رہے گی تو وہ اپنے بچے کا اچھی طرح سے خیال رکھ پائے گی۔ اس کے لئے سب سے پہلے یہ ضروری ہے کہ دودھ پلانے والی مائیں اپنے کھانے پینے کا دھیان رکھیں۔

زچہ بچہ کی صحت و تندرستی کے لئے ٹھنڈے پانی کا استعمال مناسب نہیں۔ جہاں تک ممکن ہو مائیں نیم گرم پانی پئیں۔ اس سے انہیں سردی ہونے کے امکانات نہیں رہتے۔ عام طور پر یہ بھی دیکھنے میں آیا کہ ڈاکٹروں کے منع کرنے کے باوجود بچوں کو کاجل لگایا جاتا ہے جبکہ چھوٹے بچوں کے لئے اسے مناسب نہیں سمجھا جاتا۔ یاد رکھیں بچوں کی صحت کی ذمے داری ماؤں پر زیادہ ہوتی ہے، اس لئے ڈاکٹروں کے مشوروں پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ بزرگوں کے تجربات و مشاہدات کو بھی نظر انداز کرنا مناسب نہیں۔ علاوہ ازیں گھریلو ماں کو تناؤ سے بالکل دور رکھیں۔

اردو دنیا واٹس ایپ گروپ https://chat.whatsapp.com/C6atlwNTZ9M9y5J2MFYNGx  جوائن کرنے کے لئے لنک کلک کریں

طبی دنیا کا معتبر نام رحیمی شفاخانہ بنگلور،بالمشافہ ملاقات کریں یا آن لائن رابطہ کریں فون نمبر: 9343712908

کھانسی کا گہریلو علاج

گیہوں اور ہلدی ہم وزن لے کر کڑھائی میں بھون کر جلالیں اور سفوف بناکر شہد میں ملا کر رکھیں، ہر قسم کی کھانسی میں نصف چمچ مفید ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button