نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہندوستانی محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 جون تک کئی ریاستوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں کے ساتھ ملک کی مشرقی ریاستوں میں آئندہ تین دن میں موسلا دھار بارش اپنا اثر دکھا سکتی ہے۔ اس کی وجہ جنوب مغربی ہواؤں کی تیز ہواؤں کوبتایا جارہا ہے، جس کی وجہ سے محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں جنوب مغربی مانسون نے قدم جمانے کے ساتھ ہی وہ شمال مشرق کی متعدد ریاستوں جیسے اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ اور منی پور میں اپنے پاؤں پھیلا رہاہے۔ اس کے پیش نظر اگلے تین دن میں تیز بارش کے امکان کے لئے یہاں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کا اثر مہاراشٹر، تلنگانہ، تمل ناڈو اور آندھرا پردیش کے متعدد حصوں میں بھی نظر آئے گا۔
محکمہ موسمیات نے اگلے تین دن یعنی 10 جون کو یہ الرٹ جاری کیا ہے، جس کے مطابق 7 جون کو ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں تیز بارش ہوسکتی ہے، جبکہ 8 جون کو آندھرا پردیش اور اڑیشہ میں بارش ہوگی۔آسام، میگھالیہ، اڑیشہ، مغربی بنگال اور سکم میں 9 جون کو تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے الرٹ بھی جاری کیا ہے کیونکہ ملک کے سمندری حصوں کو یاس اور تائوتے جیسے طوفان کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس سے بہت زیادہ نقصان بھی ہوا تھا۔ لیکن اسکی پیشگی معلومات کی وجہ سے نقصان کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔



