محکمہ موسمیات کا تین ریاستوں میں 10 جون تک شدید گرمی کا انتباہ
محکمہ موسمیات کی طرف سے اب تک بھی مانسون کے آنے کی صحیح تاریخ نہیں بتائی گئی ہے۔
نئی دہلی ،7جون :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) جون کا پہلا ہفتہ گزرنے والا ہے اور اب تک ملک میں مانسون نے دستک نہیں دی ہے۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے اب تک بھی مانسون کے آنے کی صحیح تاریخ نہیں بتائی گئی ہے۔ حالانکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے کچھ حصوں میں ہیٹ ویو یعنی لو ُ کے تحت آرینج الرٹ ضرور جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور بہار میں شدید گرمی پڑنے والی ہے۔ 10 جون تک ان ریاستوں میں ایسی ہی صورتحال رہے گی۔اسی طرز پر بتایا گیا کہ تمل ناڈو کے دو پاکیٹ میں بھی اگلے دو دن شدید گرمی جیسی صورتحال برقرار رہے گی۔ تمل ناڈو اورپانڈیچری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
یہ معمول سے دو سے چار ڈگری زیادہ رہے گی۔ بتایا گیا کہ شمال مغربی ہندوستان میں اگلے پانچ دن تک دو چار ڈگری درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔ ایسے ہی اگلے تین دن وسطی ہندوستان میں دو تین ڈگری درجہ حرارت بڑھ سکتا ہے۔ بہار کے کچھ علاقوں میں چھ سے 10 جون تک شدید لہر چل سکتی ہے۔ اس دوران مغربی بنگال کے کچھ مقامات، مشرقی جھارکھنڈ، آندھر پردیش اور تلنگانہ میں بھی لو چلے گی۔محکمہ موسمیات نے اترپردیش کو لے کر بتایا کہ سات سے 10 جون کے درمیان مشرقی یوپی اور آٹھ سے 10 جون کے درمیان مغربی اترپردیش کے علاقوں میں شدید گرمی پڑسکتی ہے۔
ملک میں مانسون کب تک دستک دے گا؟ اس سوال کا ہر کسی کو انتظار ہے۔ عام طور پر یکم جون تک کیرالہ میں مانسون آجاتا ہے۔ اس مرتبہ مانسون کو لے کر محکمہ موسمیات کی طرف سے کوئی واضح معلومات نہیں دی گئی ہے۔ حالانکہ یہ ضرور بتایا گیا ہے کہ کیرالہ میں چھ سے دس جون کے درمیان تیز بارش ہوگی۔وہیں جنوبی کرناٹک میں نو سے دس جون کو بارش ہوگی۔ چھ، سات اور دس جون کو انڈمان نکوبال جزیرہ میں تیز بارش ہوگی۔



