بین الاقوامی خبریںسرورق

میکسیکن انفلوئنسر کو ٹک ٹاک لائیو اسٹریم کے دوران قتل

گولیاں ان کے سینے اور سر میں لگیں

جالِسکو  :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)میکسیکو کی ریاست جالِسکو میں خوفناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب 23 سالہ مشہور ٹک ٹاک انفلوئنسر والیریا مارکیز کو اس کے بیوٹی سیلون میں لائیو براڈکاسٹ کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ والیریا، جو "Blossom the Beauty Lounge” کی مالک تھیں، اس لمحے اپنے فالوورز سے گفتگو کر رہی تھیں جب ایک موٹر سائیکل سوار مسلح شخص نے فائرنگ شروع کر دی۔

لائیو ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ والیریا ایک کھڑکی کی طرف دیکھ رہی تھیں، اسی دوران ان پر فائرنگ ہوئی، گولیاں ان کے سینے اور سر میں لگیں۔ ویڈیو میں وہ اپنے پہلو کو پکڑتے ہوئے دکھائی دیتی ہیں جہاں گولی لگی، پھر زمین پر گر جاتی ہیں۔ چند لمحے بعد ایک نامعلوم خاتون کو کیمرہ بند کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور پہلے سیلون میں داخل ہوا، پھر فائرنگ کر کے موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔ ایمبولینس فوری طور پر موقع پر پہنچی لیکن والیریا موقع پر ہی دم توڑ چکی تھیں۔

والیریا مارکیز سوشل میڈیا پر خاصی متحرک تھیں اور ان کے ٹک ٹاک پر 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد فالوورز تھے، جہاں وہ بیوٹی اور لائف اسٹائل سے متعلق ویڈیوز شیئر کرتی تھیں۔ مقامی حکام نے ان کی سوشل میڈیا پر "اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیت” کے طور پر شناخت کی ہے۔

سوشل میڈیا پر معروف بلاگر Mundo De Misses نے انسٹاگرام پر ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا:
"آج ہم گہرے دکھ اور افسوس کے ساتھ خوبصورت والیریا مارکیز کے انتقال کا سوگ منا رہے ہیں۔ وہ ایک بہادر کاروباری خاتون تھیں جو ایک ایسے ملک میں ترقی کی راہ پر گامزن تھیں جہاں روزمرہ زندگی ہی ایک چیلنج ہے۔”

والیریا کا قتل ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب میکسیکو میں سیاسی اور سماجی تشدد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ کچھ دن قبل ہی ایک میئرل امیدوار کو بھی فیس بک لائیو کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں اس کی بیٹی سمیت تین افراد ہلاک ہوئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button