قومی خبریں

مہنگائی کے باعث متوسط اور غریب طبقہ کو یومیہ خرچ کیلئے قرض نہ لینا پڑ جائے: پرینکا گاندھی

نئی دہلی، 18 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مہنگائی کے حوالہ سے بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آسمان چھوتی مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقہ (مڈل کلاس) کی زندگی محال کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی ایک بھی پالیسی ایسی نہیں جو مڈل کلاس اور غریب طبقہ کا کچھ بھلا کر سکے۔پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ آپ کی پائی پائی جوڑ کر بنائی گئی محنت کی کمائی پر مہنگائی کی مار ہے۔

بی جے پی حکومت کی ایک بھی اقتصادی پالیسی ایسی نہیں ہے جس سے مڈل کلاس، غریب طبقہ کی آمدنی زیادہ اور خرچ کم ہو سکے۔ مڈل کلاس اور غریب طبقہ کے لوگوں کو یہ ڈر ستا رہا ہے کہ کہیں ان کو روزانہ کا خرچ چلانے کے لئے قرض نہ لینا پڑ جائے ۔پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ ایک خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے، جس کے مطابق پٹرول اور ڈیزیل نے مہنگائی کی آگ کو بھڑکا دیا ہے،

تھوک مہنگائی کی افراط زر اپریل میں بڑھ کر 15.08 فیصد کی تاریخی بلندی پر پہنچ چکی ہے اور اس نے گزشتہ 24 سالوں کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق مہنگائی گزشتہ 13 مہینوں سے لگاتار بڑھ رہی ہے اور 1998 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب مہنگائی 15 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کے سبب کھانے پینے کا سامان اور بجلی کے داموں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجہ میں مہنگائی لگاتار 13 مہینے سے دو ہندسوں میں برقرار ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button