
پاکستانی خفیہ ایجنسی کیلئے جاسوسی میں ملوث ملٹری انجینئرنگ سروس’رام سنگھ‘ گرفتار، تفتیش جاری
ملک سے غداری
جے پور ، 13اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملٹری انجینئرنگ سروس (ایم ای ایس) کے ایک ملازم کو پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کیلئے جاسوسی کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ آئی ایس آئی کا نیٹ ورک ملک کی خفیہ ایجنسیوں کے لیے چیلنج بنا ہوا ہے ۔اسی کڑ ی میں خفیہ ایجنسیوں نے جودھ پور میں ملٹری انجینئرنگ سروس (ایم ای ایس) کے ایک ملازم کو پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔
اس پر الزام ہے کہ اس نے فوجی تعمیر سے متعلق خفیہ معلومات پاکستان کو بھیجی ہیں ۔ اسے جودھ پور سے جے پور لے جایا گیا ہے۔ خفیہ ایجنسیاں مشترکہ طور پر اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔راجستھان کے انٹیلی جنس ونگ نے منگل کو ملٹری چیف انجینئر زون آفس میں کام کرنے والے کے ملازم رام سنگھ (30) کو پاک خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کرتے ہوئے پکڑا۔
رام سنگھ فوج میں اہم تعمیراتی کاموں کو سنبھالتا ہے۔ رام سنگھ اپنے دفتر میں فوجی علاقہ میں مجوزہ تعمیراتی منصوبوں کے خفیہ خطوط کی تصاویرلے کر سرحد پار پاکستان بھیجتا تھا۔ اس کی سرگرمیوں کی وجہ سے خفیہ ایجنسیوں کو شک ہوا،اس شک کی بنیاد پر گزشتہ دو ماہ سے نظر رکھی جا رہی تھی۔
منگل کو موقع دیکھ کر انٹیلی جنس ایجنسی نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ رام سنگھ اصل میں ماؤنٹ ابو کا رہائشی ہے ،وہ محض تین سال قبل چوتھی کلاس کے عہدے پر تعینات ہوئے تھے۔ رام سنگھ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کو واٹس ایپ کے ذریعہ معلومات بھیجتا تھا۔جودھپور اور جیسلمیر سمیت کچھ دیگر علاقوں کو اسٹریٹجک نقطہ نظر سے بہت اہم سمجھا جاتا ہے۔
اس صورت حال میں پاکستانی خفیہ ایجنسی اس علاقہ میں بہت سرگرم ہے۔ اس علاقہ میں دو قسم کے لوگ آئی ایس آئی کیلئے جاسوسی کا کام کرتے ہیں۔ ایک ایکٹورہتا ہے، جبکہ دوسرے سلیپر سیلز میں کام کرتے ہیں۔ سلیپر سیل کے لوگ ہمیشہ کام نہیں کرتے ، یہ لوگ بعض اوقات اہم معلومات بھیجتے ہیں۔ یہ مختلف عہدوں پر تعینات لوگوں کو پھنسانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔



