اب منتری جی کوبھی پٹرول کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ عوام پیدل کردے گی : اکھلیش یادو کا طنز
لکھنؤ،22؍اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سماج وادی پارٹی کے صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے جمعہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے ایک وزیر کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب وزیر صاحب کو بھی پٹرول کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ عوام انہیں پیدل کردے گی۔
واضح رہے کہ اتر پردیش کے وزیر کھیل اپیندر تیواری نے جمعرات کو جالون میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں دعویٰ کیا تھا کہ فی شخص آمدنی کے حساب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بہت کم بڑھ رہی ہیں اور 95 فیصد لوگوں کو پٹرول کی ضرورت ہی نہیں ہے۔
پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بارے میں پوچھے جانے پر تیواری نے کہا تھا کہ مٹھی بھر لوگ ہیں جو چار پہیہ گاڑیوں سے چل رہے ہیں ، جن کے لیے پٹرول مفید ہے۔ آج معاشرے کے اندر 95فیصد لوگ ہیں جنہیں پٹرول اور ڈیزل کی ضرورت ہی نہیں ہے۔
جمعہ کو ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اترپردیش کے بی جے پی کے وزیر نے کہا کہ مہنگے پٹرول سے عام لوگوں کوکوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ 95فیصدلوگوں کو پیٹرول کی ضرورت ہی نہیں ہے۔ اب وزیر صاحب کو بھی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ عوام انہیں پیدل کردے گی ۔ سچائی تویہ ہے کہ 95 فیصد لوگوں کو بی جے پی کی ضرورت نہیں ہے۔



