
امت شاہ نے مغربی بنگال، اڑیسہ اور آندھرا پردیش کے وزراء اعلی کے ساتھ طوفان کی تیاری کا جائزہ لیا
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پیر کوسمندری اور ساحلی علاقوں سے لوگوں کے بچائوکے ساتھ کووڈ 19 اسپتالوں کے تحفظ سمیت طوفان یاس کولے کر تیاریوں کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے مغربی بنگال، اڈیشہ اور آندھرا پردیش میں واقع آکسیجن پروڈکشن مراکز پر طوفان کے ممکنہ اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ریاستی حکومتوں سے ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کہا۔
آندھرا پردیش، اڈیشہ اور مغربی بنگال کے وزراء اعلی اور جزائر انڈمان و نکوبار کے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران مرکزی وزیر نے کہا کہ وزارت داخلہ کے پاس 24 گھنٹے سات دن کا کنٹرول روم ہے جس سے کسی بھی وقت رابطہ کیا جاسکتا ہے۔وزارت داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ نے خلیج بنگال میں رونما ہونے والے طوفان کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر کووڈ19 میں تمام اسپتالوں، ویکسین ریفریجریشن مراکز اور دیگر مقامات پر پہلے سے متبادل بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے آندھرا پردیش، اڈیشہ، مغربی بنگال اور جزیرہ انڈمان اورنکوبار سے آکسیجن کے اضافی ذخائر کو برقرار رکھنے کے لئے آکسیجن ٹینکروں کی نقل و حرکت کے لئے پیشگی منصوبہ تیار کرنے کو کہا تاکہ اس کی فراہمی میں خلل نہ پڑے۔وزیر داخلہ نے ساحل پر ماہی گیروں کو بروقت لانے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے سلسلے میں ریاستوں اور مرکزی علاقوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
شاہ نے اسپتالوں میں تمام ضروری ادویات اور آلات کا مناسب ذخیرہ یقینی بنانے کو بھی کہا ہے۔شاہ نے عارضی اسپتالوں سمیت صحت کے مراکز کے لئے مناسب انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ نقصان سے بچایا جاسکے اور ضرورت پڑنے پر مریضوں کو منتقل کیا جائے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حالیہ طوفان نے مغربی ساحلی علاقوں پر اس سلسلے میں پہلے اقدامات کی وجہ سے طبی مراکز پر کوئی برا اثر نہیں پڑا۔
انہوں نے اسپتالوں اور صحت کے مراکز کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پاور پلانٹس کی حفاظت کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں ماہی گیری کشتیاں، دیگر کشتیاں، تمام بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات کی حفاظت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اوڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے اجلاس کو منظم کرنے اور تیاریوں میں ریاستی حکومت کی مدد کرنے پر مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
پٹنائک نے کہا کہ اوڈیشہ حکومت نے طوفان سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ کم سے کم نقصان کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور ریاستی حکومت پوری طرح تیار ہے۔آندھرا پردیش کے وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔



