وزارت داخلہ نے منیش سیسودیا کے خلاف مقدمہ چلانے کی دی اجازت
جاسوسی کیس میں دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلانے کے لئے
نئی دہلی،22فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) وزارت داخلہ نے مبینہ ’فیڈ بیک یونٹ‘ جاسوسی کیس میں دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلانے کے لئے بدھ کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو منظوری دے دی ہے۔ دہلی کے نائب وزیراعلیٰ سیسودیا شراب پالیسی کیس میں پہلے ہی سی بی آئی کے ریڈار پر ہیں۔ سی بی آئی کی رپورٹ کے مطابق، عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے 2015 میں دہلی میں اقتدار میں آنے سے پہلے سیاسی انٹیلی جنس اکٹھا کرنے کے لیے ایک فیڈ بیک یونٹ تشکیل دیا تھا اور مسٹر سسودیا اس یونٹ کے سربراہ تھے۔
دریں اثنا، اے اے پی نے پہلے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔بی جے پی نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اس معاملے میں مسٹرمنیش سیسودیا کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری دینے کے وزارت داخلہ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ بی جے پی کے ریاستی ورکنگ صدر وریندر سچدیوا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی کو فوری طور پر مسٹر سیسودیا کو گرفتار کرنا چاہئے اور اس گھپلے کے اصل ملزم اروند کجریوال کی جانچ ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ دہلی کے لوگوں نے بھی اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ منیش سیسودیا اس الزام میں جیل جائیں گے۔



