ضلع کے تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور آنگن واڑی سنٹروں میں مشن بھاگیرتا اسکیم کے تحت پانی کی فراہمی کی ہدایت
کریم نگر۔ 10 دسمبر (بذریعہ میل)ضلع کلکٹر کریم نگر محترمہ ششانکا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع کے تمام تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور آنگن واڑی سنٹروں میں مشن بھاگیرتا اسکیم کے تحت پائپ لائن کے ذریعہ پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔
کلکٹر نے ضلع کلکٹر کیمپ آفس میں مشن بھاگیرتا، محکمہ تعلیمات اور محکمہ پنچایت راج کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کے دوران یہ ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ اسکول، رہائشی و گروکل اسکولس، ڈگری و جونئیر کالجس، آنگن واڑی سنٹرز، سب سنٹرز، دواخانے اور پرائمری ہیلتھ سنٹرس میں پانی کی سپلائی مشن بھاگیرتا کے انٹرا یا گریڈ سسٹم سے کی جائے۔
ضلع کلکٹر نے ہدایت دی کہ مشن بھاگیرتا گریڈ عملہ پانی کی سربراہی کی رپورٹ باقاعدگی سے درج کرے اور آنگن واڑی سنٹروں میں کنکشن کی تفصیلات فوری پیش کرے۔ انہوں نے ڈبل بیڈ روم مکانات اور سرکاری اداروں کے لیے آدھے انچ کے نل کنکشن دینے کا مشورہ دیا۔
مزید برآں، کلکٹر ششانکا نے رہائشی مدارس اور یتیم خانوں میں پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے تمام منڈل پریشد، ریوینیو دفاتر، پولیس اسٹیشنز میں بھی مشن بھاگیرتا کے پائپ کنکشن فراہم کرنے اور اگلے تین دنوں کے اندر پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی تاکید کی۔
انہوں نے خاص طور پر کہا کہ سائیداپور اور ویناونکا علاقوں میں مشن بھاگیرتا کے کام 3 جنوری تک مکمل کر لیے جائیں اور کتہ پیٹہ، گاندھی نگر اور پرکاش نگر علاقوں میں ایم پی ڈی او کے تعاون سے کام تیز کیا جائے۔
محترمہ ششانکا نے یہ بھی ہدایت دی کہ ضلع میں مشن بھاگیرتا کے تمام کام 31 دسمبر تک مکمل کیے جائیں اور ایم پی ڈی او، ایم پی او اور سرپنچوں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیے جائیں۔
اس اجلاس میں ضلع مہتمم تعلیمات جناردھن، بہبود پسماندہ طبقات کے عہدیدار، مشن بھاگیرتا انجینئر، پنچایت راج عہدیداران اور دیگر عملہ شریک رہا۔



