قومی خبریں

مشن یوپی‘ مظفر نگر سے شروع،کسانوں کی زبردست ریلی-راکیش ٹکیت نے کسانوں کے اسٹیج سے اللہ اکبراورہرہرمہادیوکے نعرے لگائے

انتخابی ریاستوں میں’ووٹ کی چوٹ‘ لگائیں گے،فسادات کراکر بی جے پی نے دھوکہ دیا،اب ہم متحدہیں
مظفر نگر5ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مظفر نگر کسان مہا پنچایت میں کسان رہنماؤں نے مشن یوپی کااعلان کیا ہے۔ بھارتیہ کسان یونین کے رہنما راکیش ٹکیت ، نریش ٹکیت ،یوگیندریادویونائیٹڈ فارمرز فرنٹ سمیت کئی رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ اتر پردیش ، اتراکھنڈ سمیت دیگر انتخابات میں بی جے پی کے خلاف کسانوں کی تنظیم کومضبوط کریں گے۔ لیڈروں نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اب زرعی قوانین اور ان کے تمام مطالبات کو پورا کرنے کے لیے بی جے پی کے خلاف ہر ضلع میں تنظیموں کو مضبوط کریں گے۔
میدھا پاٹیکر سمیت کئی رہنماؤں نے اجتماع سے خطاب کیا۔نریش ٹکیت نے کہاہے کہ ہمیں متحدہ کسان مورچہ میں ذمہ داری دی گئی تھی جو ہم نے انجام دی ہے۔ آج مظفر نگر میں پاؤں رکھنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ہمیں 2013 میں بی جے پی نے دھوکہ دیا۔ ہندو مسلم فسادات بی جے پی نے کیے لیکن ہم اب ایک ہیں۔ اب پورے ملک میں مہم چلائیں گے۔ یہ مظفر نگر محبتوں کا شہر ہے۔ تمام ہندومسلمان ایک ہیں۔ اب تقسیم نہیں کریں گے۔
یہاں مظفر نگر میں ایک اشارہ کافی ہے جسے چاہو جتائو ، جسے چاہو شکست دو۔بی کے یوکے ترجمان راکیش ٹکیت نے کہاہے کہ مشن یوپی مظفر نگر سے شروع ہواہے۔ کسان مہا پنچایت ایک بہت بڑی کامیابی رہی ہے۔ ہم ہر ضلع ہر گاؤں میں بی جے پی کے خلاف مہم چلائیں گے۔ ہم بنارس ، لکھنؤ گورکھپور میں بھی بی جے پی کے خلاف مہم چلائیں گے۔

کسان لیڈروں نے انتخابی حکمت عملی بتائی،27ستمبرکوبھارت بندکااعلان

متحدہ کسان مورچہ کی تنظیم ہر ضلع میں بنائی جائے گی۔ میں نے عہدکیاہے کہ جب تک قوانین کو منسوخ نہیں کیا جاتا میں اپنے گھر نہیں جاؤں گا۔ میں مظفر نگر کی سرزمین پر قدم نہیں رکھوں گا۔پچھلے 100 دنوں سے حکومت اور درباری کہہ رہے تھے کہ کسانوں کی تحریک ڈھیلی پڑ گئی ہے۔
سوراج انڈیا کے لیڈر یوگیندر یادو نے کہاہے کہ نہ صرف جی آئی سی گراؤنڈ بلکہ پورا مظفر نگر چھوٹا ہو گیا ہے۔ سنارکی سوچوٹ اور لوہار کی ایک چوٹ کامقولہ آج سچ ثابت ہوا ہے۔ یوگیندریادونے کہاہے کہ آپ نے جونعرہ دیا۔ متحدہ کسان مورچہ کے صدر نے کہاہے کہ 27 ستمبر کو بھارت بند رہے گا۔

راکیش ٹکیت نے کسانوں کے اسٹیج سے اللہ اکبراور ہرہر مہادیوکے نعرے لگائے

کسان رہنماراکیش ٹکیت نے مظفر نگر میں کسان مہا پنچایت کے اسٹیج سے اللہ اکبراور ہر ہر مہادیو کے نعرے بلندکیے۔ اس دوران انہوں نے کہاہے کہ اللہ اکبر اور ہر ہر مہادیو کے نعرے پہلے بھی استعمال ہوتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے کہاہے کہ یہ لوگ تقسیم کا کام کرتے ہیں ، یہ فساد پھیلانے کا کام کرتے ہیں لیکن ہمیں انہیں روکنا ہوگا۔ ہمیں توڑنے کے لیے نہیں بلکہ متحد ہونے کے لیے کام کرنا ہوگا۔
راکیش ٹکیت نے کہا ہے کہ اس سے قبل بھی اللہ اکبر اور ہر ہر مہادیو کے نعرے ایک ساتھ استعمال ہوتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔انھوں نے اللہ اکبر اور ہر ہر مہادیو کے نعرے لگانے کے لیے بھیڑ سے بھی اپیل کی۔ انہوں نے کہاہے کہ یوپی کی زمین فسادیوں کو نہیں دی جائے گی۔راکیش ٹکیت اتوار کو مظفر نگر کے جی آئی سی گراؤنڈ میں منعقد کسان مہا پنچایت سے خطاب کر رہے تھے۔
اس دوران راکیش ٹکیت نے یہ بھی کہاہے کہ یہ لڑائی تین کالے قوانین سے شروع ہوئی ہے۔ اس تحریک کو 28 جنوری کو ختم کردیا جاتا۔ ہزاروں کی تعداد تھی ، ہم کم لوگ تھے ، لیکن ہم ثابت قدم رہے۔راکیش ٹکیت نے کہاہے کہ جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے ، ہم وہاں سے نہیں ہٹیں گے۔ ہم کسی قیمت پر وہاں سے نہیں جائیں گے۔ ہمیں فصلوں پر ایم ایس پی کی گارنٹی چاہیے اور جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ، متحدہ محاذ ملک بھر میں تحریک چلائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button