مودی اب فقیر ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتے 12 کروڑ کی کار پر سنجے راوت کاطنز،نہرواوراندراگاندھی کی تعریف کی
ممبئی 2جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) شیوسیناکے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے اتوارکو کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے قافلے میں 12 کروڑ روپے کی کار شامل کرنے کے بعد خود کوفقیر نہیں کہنا چاہیے۔شیوسینا کے ترجمان سامنامیں شائع ہونے والے اپنے ہفتہ وار کالم میں سنجے راوت نے سابق وزیر اعظم جواہر لال نہروکی بھی تعریف کی۔
نہروکی تعریف میں سنجے راوت نے لکھا ہے کہ جواہر لعل نہرو ہمیشہ ہندوستان میں بنی گاڑی کا استعمال کرتے تھے اور آنجہانی اندراگاندھی نے اپنی جان کو خطرہ ہونے کے باوجود اپنے سیکورٹی اہلکاروں کو تبدیل نہیں کیا۔راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت نے لکھاہے کہ 28 دسمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے 12 کروڑ روپے کی کار کی تصاویر میڈیا میں شائع ہوئیں۔
ایک شخص جو خود کو فقیر اور پردھان سیوک کہتا ہے، بیرون ملک بنی کار کا استعمال کرتا ہے۔وزیراعظم کی حفاظت اور آرام کا معاملہ ہے لیکن اب سے وزیر اعظم کو یہ نہیں دہرانا چاہیے کہ وہ فقیرہیں۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق مرسیڈیز مے بیچ ایس 650 کار کو حال ہی میں وزیر اعظم کے حفاظتی قافلے میں شامل کیا گیا ہے۔
ایس پی جی (خصوصی تحفظ گروپ) وزیر اعظم کی سیکورٹی کی دیکھ بھال کے لیے ذمہ دار ہے۔ پی ٹی آئی نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے یہ بھی بتایا ہے کہ نئی گاڑی بی ایم ڈبلیو کمپنی کی جگہ استعمال کی جا رہی ہے۔وزیر اعظم پہلے BMW کاریں استعمال کرتے تھے لیکن کمپنی نے حال ہی میں اس ماڈل کی پروڈکشن روک دی ہے۔



