قومی خبریں

مودی حکومت دو ہندوستان بنانا چاہتی ہے ہم جوڑتے ہیں اور وہ لوگوں کو بانٹنے میں لگے ہیں : راہل گاندھی

جے پور ، 16مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے بینشور دھام میں 132 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے جانے والے پل کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس دوران انہوں نے بانسواڑہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت ملک میں دو ہندوستان بنانا چاہتی ہے۔ ایک صنعتکاروں کاہندوستان اور ایک غریبوں، دلتوں، پسماندہ طبقات ہندوستان۔ ہمیں دو ہندوستان نہیں چاہیے، ہمیں صرف ایک ہندوستان چاہیے۔ ہندوستان میں ہر شخص کو اپنے خواب کو پورا کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔

راہل گاندھی ادے پور میں کانگریس کے چنتن شیویر میں شرکت کے بعد راجستھان کے ڈنگر پور میں بنیشور دھام میں زیارت و پوجا کیلئے آئے تھے ۔ اس کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس اور آدی باسیوں کا گہرا رشتہ ہے۔ ہم اُن کی تاریخ کی حفاظت کرتے ہیں۔ ہم آدی باسیوں کی تاریخ کو دبانا یا مٹانا نہیں چاہتے۔

جب یو پی اے کی حکومت تھی تو ہم آدی باسیوں کے لیے زمین، جنگل اور پانی کے تحفظ کے لیے پی ای ایس اے قانون لائے تھے۔ حصول اراضی بل جیسے قوانین کے ذریعے آپ کے پیسے کی حفاظت کی اور اس سے قبائلیوں کو فائدہ پہنچایا۔راہل نے کہا کہ اس وقت ملک میں دو نظریات کی لڑائی چل رہی ہے۔ ایک طرح سے کانگریس کا ایک نظریہ ہے، جو سب کی حفاظت کرتا ہے۔ دوسری طرف بی جے پی کا نظریہ ہے جو آدی باسیوں کو دبانے اور اُنہیں مٹانے کیلئے کام کرتا ہے۔

ہم لوکوں کو متحد کرنے کے لیے کام کرتے ہیں، وہ لوگوں میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے کام کرتے ہیں۔ ہم کمزوروں کی مدد کرتے ہیں، وہ منتخب صنعت کاروں کی مدد کرتے ہیں۔ آج ہندوستان میں روزگار نہیں ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے۔لیکن اس کی طرف مرکزی سرکار کی نظر نہیں جاتی ۔ مجھے خوشی ہے کہ راجستھان حکومت غریبوں اور آدی باسیوں کے لیے کام کر رہی ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت ریاست میں ایک انگلش میڈیم اسکول کھول رہے ہیں۔ اس انگلش میڈیم اسکول سے آدی باسیوںکو بہت فائدہ ہوگا۔ انگریزی کے ذریعے وہ کہیں بھی ملازمت حاصل کر سکتے ہیں۔ بی جے پی حکومت نے معیشت پر حملہ کرکے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button