دبئی ،27؍ ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ معین اس وقت آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔ معین کا کہنا ہے کہ وہ محدود اوورز کی کرکٹ پر زیادہ توجہ دینا چاہتے ہیں اس لیے وہ ٹیسٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔ تاہم معین کا آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ایشز سیریز سے قبل ریٹائرمنٹ کے فیصلے نے سب کو حیران کر دیا ہے۔
اردودنیا ایپ انسٹال کے لیے کلک کریں
معین ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی گئی حالیہ ٹیسٹ سیریز میں بھی اپنی ٹیم کا حصہ تھے۔ رپورٹ کے مطابق معین نے گزشتہ ہفتے انگلینڈ کے کپتان جو روٹ اور کوچ سلور ووڈ کو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔ معین علی کا کہنا ہے کہ وہ اب اپنی توجہ محدود اوورز کی کرکٹ پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔
تاہم ان کے ریٹائرمنٹ کی ایک بڑی وجہ آسٹریلیا میں ایشز سیریز کے دوران قرنطینہ سخت قوانین بھی سمجھے جاتے ہیں۔ معین علی اب ون ڈے اور ٹی 20 میں اپنی جگہ بنانا چاہتے ہیں۔انگلینڈ کے کپتان جو روٹ اور کوچ سلور ووڈ نے معین کی ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی شراکت کی تعریف کی۔ معین علی کا ٹیسٹ کیریئر سات سال پر محیط تھا جس کے دوران انہوں نے 64 میچ کھیلے۔
انہوں نے اپنا ٹیسٹ ڈیبو سری لنکا کے خلاف سال 2014 میں لارڈز میں کیا۔ معین علی کے ٹیسٹ میں 3000 رنز اور 200 وکٹیں لینے کا موقع بھی تھا ۔ معین ایسا کرنے والے دنیا کے 15 ویں کھلاڑی ہوتے۔ تاہم وہ 84 رنز اور پانچ وکٹوں سے اس ریکارڈ سے پیچھے رہ گئے۔ معین اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 64 ٹیسٹ میچوں میں 28.29 کی اوسط سے 2914 رنز بنائے۔
جس میں پانچ سنچریاں اور 14 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ معین کی ٹیسٹ میں بہترین اننگز 155 رنز ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ معین نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے دوران نمبر ایک سے لے کر نویں نمبر تک بیٹنگ کی ہے۔بولنگ میں معین نے 36.66 کی اوسط اور 60.79 کے اسٹرائیک ریٹ سے 195 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے پانچ مرتبہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے اور ایک بار ٹیسٹ میں دس وکٹیں لینے کا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ اننگز میں ان کی بہترین بولنگ کا ریکارڈ 53 رنز کے عوض 6 وکٹیں ہیں۔ جبکہ میچ میں ان کی بہترین بولنگ 112 رنز کے عوض 10 وکٹیں ہیں۔ گریم سوان اور ڈیرک انڈر ووڈ کے بعد معین انگلینڈ کے تیسرے کامیاب گیندبازہیں۔



